• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سیکورٹی بانڈز سیاسی فیصلہ، نواز شریف مان گئے تو نقصان ہو گا، تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل کے پہلے سوال نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مشروط منظوری، ذرائع، نواز شریف کوملک سے باہر جانے کے لئے سیکورٹی بانڈ جمع کرانا ہوگا.

سیکورٹی بانڈز سیاسی فیصلہ، نواز شریف مان گئے تو نقصان ہو گا، تجزیہ کار


ذرائع، کیا شریف خاندان شرط مان جائیں گے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کیلئے سیکیورٹی بانڈز مانگنا حکومت کا سیاسی فیصلہ ہے، اگر نواز شریف باہر جانے کیلئے حکومتی شرط مان لیتے ہیں تو سیاسی نقصان ہوگا،نواز شریف کے معاملہ پر حکومت کی قلابازیاں ختم نہیں ہورہی ہیں،عدالت سے ریلیف ملنے کے بعد حکومت نواز شریف کو روکنے والی کون ہوتی ہے،جنرل پرویز مشرف ملک سے کون سے سیکیورٹی بانڈز دے کر گئے تھے۔

حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ نواز شریف کی بیرون ملک روانگی حل نہ ہونے والا مسئلہ بن گیا ہے،نواز شریف کے معاملہ پر حکومت کی قلابازیاں ختم نہیں ہورہی ہیں۔

جنرل پرویز مشرف ملک سے کون سے سیکیورٹی بانڈز دے کر گئے تھے،عدالت سے ریلیف ملنے کے بعد حکومت نواز شریف کو روکنے والی کون ہوتی ہے، کیا نواز شریف کو اپنی بیماری ثابت کرنے کیلئے کلثوم نواز کی طرح مرنا ہوگا،نواز شریف پہلے بھی اپنی بیٹی مریم نواز کو لے کر گیارہ سال جیل کاٹنے کیلئے وطن واپس آئے تھے۔

بابر ستار کا کہنا تھا کہ حکومت نے پتا نہیں کس قانون کے تحت نواز شریف کو مشروط طور پر باہر جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ حکومت نے سیاسی بیانیہ بنانے کیلئے یہ شرائط عائد کی ہیں تاکہ اپنے ووٹرز سپورٹرز کو مطمئن کیا جاسکے۔حسن نثار نے کہا کہ نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کو سیکیورٹی بانڈز سے مشروط کرنا مسخرے بازی ہے۔

نواز شریف سے سیکیورٹی بانڈز چھوڑیں کیش بھی مانگیں تو جتنے ارب چاہیں منہ پر مار دے گا، لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کی طبی رہائی کے بعد ملک میں دس ہزار قیدیوں کی رہائی کیلئے درخواست پر سماعت کے بعد چیف سیکرٹری پنجاب کو بھجوادی ہے اور ہدایت کی ہے کہ درخواست گزار کا موقف سن کر فیصلہ کریں، اب ان دس ہزار قیدیوں کا حکومت کیا کرے گی،اس ملک میں جو پہلے ہوتا رہا اب بھی وہی ہوگا، جس میں ہمت اور استطاعت ہے وہ ملک چھوڑ جائے باقی یہاں کھپتے رہیں۔

محمل سرفراز کا کہنا تھا کہ نواز شریف عدالت میں بھی ضمانتی بانڈز جمع کرواچکے ہیں حکومت نئے ضمانتی بانڈز کیوں مانگ رہی ہے، حکومت کے میڈیکل بورڈ نے کہا ہے کہ کچھ ٹیسٹوں کیلئے نواز شریف کو باہر جانا پڑے گا، خبروں کے مطابق عمران خان نے اس بات کو ڈبل چیک بھی کیا ہے، ن لیگ یہ افورڈ نہیں کرسکتی کہ نواز شریف باہر جاکر واپس نہیں آئیں۔

تازہ ترین