• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنی دیول پاکستان سے ملنے والی محبت کے دیوانے ہوگئے

کرتارپور راہداری کے افتتاح کے لیے بھارت سے آئے بالی ووڈ اداکار سنی دیول پاکستان سے ملنے والی محبت کے گن گانے لگے ہیں۔

سنی دیول پاکستان سے ملنے والی محبت کے دیوانے ہوگئے


میڈیا رپورٹس کے مطابق سکھ مذہب کے بانی بابا گروونانک کے550 ویں یوم پیدائش کی تقریبات اور کرتار پور راہداری کے افتتاح کے لیے بھارت سے آنے والے وفد میں من موہن سنگھ، سدھو اور دیگر کے ہمراہ اداکار سنی دیول بھی شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیے: کرتار پور افتتاح، سنی دیول بھی پاکستان آرہے ہیں

واضح رہے کہ اداکار سنی دیول نے اپنی کئی فلموں میں پاکستان سے بے پناہ نفرت کا اظہار کیا ہے، جن میں فلم ’غدر‘ اور ’بارڈر‘ شامل ہیں لیکن حقیقت میں پاکستان آنے کے بعد یہاں سے ملنے والی محبت کے وہ گرویدہ ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار سنی دیول کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد جب بھارت واپس گئے تو ایک بھارتی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے پاکستان سے ملنے والی محبت کے گن گانے شروع کردیئے۔

انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہاتھ جوڑ کر کہا کہ اُنہیں پاکستان جانا بہت اچھا لگا، وہاں سب لوگوں نے اُنہیں بہت پیار دیا۔ یہ امن کی نئی شروعات ہے اور میں چاہتاہوں کہ سب اسی طرح پیار و محبت کے ساتھ رہیں۔

ایک اور صحافی کے سوال کے جواب میں سنی دیول نے کہاکہ آپ نے دیکھا ہے ٹی وی پر لوگ بہت پیار کرتے ہیں، دونوں ممالک میں یہ بہت اچھی شروعات  ہے لڑنے کا کیا فائدہ پیار ہی پیار رہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سنی دیول نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کرتار پور گردوارےکی تصویر شیئر کی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ انسانیت زندہ باد۔

کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد سنی دیول کے پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے بدلتے خیالات پر اُن پر مختلف ممیز بنائے جارہے ہیں اور انہیں ٹوئٹر پر شیئر بھی کیا جارہا ہے۔

ایک صارف نے سنی دیول کی دو تصاویر پوسٹ کیں اور ساتھ میں لکھا کہ سنی دیول بھارتی فلموں میں اور سنی دیول پاکستان میں۔

رضوان نامی ایک صارف نے لکھا کہ سنی دیول کی ایک  فلم  کا ڈائیلاگ تھا  ’کشمیر مانگو گے چیر دیں گے‘ اور آج وزیر اعظم عمران خان کشمیر کی بات کررہے ہیں اور سنی دیول سن رہے ہیں۔

تازہ ترین