خیبرپختونخوا کے وزیراطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ عوام نے مولانا فضل الرحمٰن کے دھرنے کو مسترد کردیا اور دھرنا ناکام ہوگیا۔
ایک ویڈیو بیان میں شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن اپنی شکست کا بدلہ پورے پاکستان سے لینا چاہتے ہیں، وہ ابتدا سے ہی انتشار پھیلانے کے منصوبے بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کی پہلے ہی حکومت اجازت دے چکی ہے، قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
واضح رہے کہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے حکومت کے خلاف دھرنا ختم کرتے ہوئے پلان ’بی‘ کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ملک کی مختلف شاہراہوں کو بند کیا جائے گا۔