• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیلابی صورتحال:خوبصورت شہر وینس پانی میں ڈوب گیا

سیلابی صورتحال: خوبصورت شہر وینس پانی میں ڈوب گیا


اٹلی میں ہونے والی بارشوں کے باعث سطح سمندر بلند ہونے سے خوبصورت شہر وینس پانی میں ڈوب گیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق وینس میں 50 سال کے دوران یہ سب سے بڑی سیلابی صورتحال ہے جس سے شہر کا نظام زندگی درہم برہم ہوگیا اور شہر مکمل طور پر پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔

لہروں کی مانیٹرنگ کرنیوالے سینٹر کے مطابق سمندر کی سطح 6 فٹ تک بلند ہوگئی ہے۔

شہر میں سیلابی صورتحال کے باعث بیشتر سیاحتی علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں اور سیاح وینس کی گلیوں میں بھرے سیلابی پانی میں ہی گھوم رہے ہیں۔

وینس کا نشیبی علاقہ سینٹ مارکس اسکوائر سیلابی پانی سے بری طرح متاثر ہوا ہے جب کہ یہ علاقہ 1200 سال میں چھ مرتبہ سیلاب کی زد میں آچکا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق پیلسٹرینا جزیرے پر سیلاب سے دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

شہر میں سیلابی صورتحال سے کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں جبکہ گھروں، ریسٹورینٹس اور دیگر ہوٹلوں کے اندر پانی داخل ہوچکا ہے۔

اٹلی میں منگل کے روز بھی موسلا دھار بارشیں ہوئیں اور آئندہ چند دنوں میں بھی خراب موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

تازہ ترین