• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکار سلیم ناصرکی لازوال اداکاری


اپنی لازوال اداکاری کی بدولت مداحوں کے دلوں میں گھر کرنے والے سینئر اداکار سلیم ناصر کے چاہنے والے آج ان کی75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

15 نومبر 1944کو بھارت کے شہر ناگپور میں پیدا ہونے والے سلیم ناصر قیام پاکستان کے بعد اپنے خاندان کے ہمراہ پاکستان آگئے اور کراچی میں مستقل سکونت اختیار کی۔

انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز چھوٹی اسکرین سے کیا اور ہر قسم کے کردار کو بخوبی نبھا کر ناظرین سے بھرپور داد وصول کی۔

ان کے مقبول ڈراموں میں دستک، نشان حیدر، آخری چٹان، یانصیب کلینک، بندش اور ان کہی شامل ہیں لیکن انور مقصود کے تحریر کردہ آنگن ٹیڑھا میں اکبر کے کردار نے انہیں ہمیشہ کے لیے امر کردیا۔

انہوں نے ٹی وی کے علاوہ فلم میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، جن میں چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کی فلم زیب النسا بھی شامل ہے۔

سلیم ناصر کو ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں ملک کے اعلیٰ ترین صدارتی حسن کارکردگی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

سلیم ناصر 19 اکتوبر 1989 کو صرف45 برس کی عمر میں دل کادورہ پڑنے سے جہان فانی سے کوچ کر گئے لیکن ان کے ادا کئے گئے کردار آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔

تازہ ترین