• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حب ریور روڈ پر دھرنا، جے یو آئی رہنماؤں کیخلاف مقدمہ

حب ریور روڈ پر دھرنا، جے یو آئی رہنماؤں کیخلاف مقدمہ


جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنماؤں کو حب ریور روڈ پر دھرنا دینا مہنگا پڑگیا، سندھ پولیس دھرنا دینے والے مظاہرین کے خلاف متحرک ہوگئی۔

اس حوالے سے کراچی غربی کے موچکو تھانے میں جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری  راشد سومرو، سابق رکن سندھ اسمبلی مولانا عمر صادق اور دیگر رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

مقدمے میں روڈ بلاک کرنے اور کارِ سرکار میں مداخلت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

دھرنے کے باعث حب ریور روڈ پر گاڑیوں اور کنٹینرز کی طویل قطار لگ گئی۔

واضح رہے کہ جے یو آئی کے زیراہتمام گزشتہ ماہ کے اواخر میں شروع کیے گئے آزادی مارچ و دھرنا کو دو روز قبل ختم کردیا گیا تھا، اور جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اس موقع پر اعلان کیا تھا کہ اب آزادی مارچ کے پلان ’بی‘ پر عمل ہوگا۔

جس کے بعد جے یو آئی کے صوبائی تنظیموں کے تحت ملک کے چاروں صوبوں میں اہم شاہراہیں بلاک کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

اسی تناظر میں کراچی سے بلوچستان جانے والے حب ریور روڈ کو جے یو آئی سندھ کے عہدیداروں اور مقامی تنظیم نے گزشتہ دو روز سے بلاک کر رکھا ہے۔ جس پر سندھ پولیس نے جمعہ کو ایکشن لیتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

تازہ ترین