آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
ہفتہ9؍ربیع الثانی1441ھ 7؍دسمبر 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں بچوں کی تعلیم متاثر ہونے پر تشویش ہے، شفقت محمود

وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود کا کہنا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے ہزاروں بچوں کی تعلیم طویل کرفیو کے باعث متاثر ہونے پر سخت تشویش ہے۔

ڈائریکٹرجنرل یونیسکو محترمہ آدرے آزولے سے یونیسکو ہیڈ کوارٹر پیرس کی ایک ملاقات کے دوران وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں لگے کرفیو کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے ہزاروں بچوں کی تعلیم متاثر ہورہی ہے۔

اِس ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل یونیسکو کو پاکستان میں یکساں تعلیمی نصاب، اساتذہ کی تربیت، اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے معیاری اور مساوی تعلیم کی فراہمی کے لیے پاکستان کے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا، انہوں نے پاکستان میں نئے یکساں تعلیمی نصاب اور تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کو فروغ دینے کے لیے یونیسکو کے تکنیکی مشوروں کے لیے درخواست کی۔  

وفاقی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل یونیسکو کو پاکستان کے وسیع ثقافتی ورثے اور آثار قدیمہ کے مقامات کے نقشہ سازی کے نئے منصوبوں اور بڑی شاہراوں کے ساتھ ثقافتی مقامات کے حوالے سے کافی ٹیبل بک کی اشاعت کے بارے میں بھی آگاہ کیا، انہوں نے پاکستان میں ان تاریخی مقامات کے تحفظ کے لیے یونیسکو کی مدد طلب کی۔

وفاقی وزیر نے لاہور کو دُنیا کے دیگر 65 شہروں کے ساتھ ادب کے شعبہ میں یونیسکو کے تخلیقی شہروں کے نیٹ ورک کے رکن کی حیثیت سے تسلیم کرنے پر ڈائریکٹر جنرل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے شہر کے ادبی ورثہ کو تحفظ اور فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل کو بھارتی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور کشمیری عوام کے سلب شدہ بنیادی حقوق خصوصاً تعلیم اور ثقافتی حقوق کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور خصوصی طور پر بتایا کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو لگائے جانے کے بعد سے تقریباً 15 لاکھ سے زائد طلباء و طالبات اسکول جانے سے قاصر ہیں، انہوں نے  امید ظاہر کی کہ یونیسکو کشمیری عوام کے دکھوں کو کم کرنے کے لیے اپنا اخلاقی اثر و رسوخ استعمال کرے گا۔

اس ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل یونیسکو کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔

بعد ازاں وفاقی وزیر تعلیم نے ایجوکیشن کمیشن کے اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حماد بن محمد الشیخ اور اسلامی تعلیم، سائنس اور ثقافتی تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سلیم الملک سے بھی دوطرفہ ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

واضح رہے کہ سفیر پاکستان برائے فرانس و یونیسکو میں پاکستان کے مستقل مندوب مسٹر معین الحق بھی اس ملاقات کے دوران موجود تھے اور اِس ملاقات کے دوران تعلیم، ثقافت، سائنس اور مواصلات کے شعبوں سے متعلق امور زیر بحث آئے۔

قومی خبریں سے مزید