لاہور (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف کو سفر کیلئے طبی طور پر تیار کرنا ہے، سابق وزیر اعظم نوازشریف کے جسم پر سوجن اور سائڈ انفیکشن میں اضافہ ہوا ہے۔
سٹرائیڈزکے ہائی ڈوز اور دیگر ادویات کی بنا ء پر بلڈ شوگر مزید بڑھ گئی ہے ۔
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی صحت کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ ہمعدالتی فیصلے پر اللّٰہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کو صحت کاملہ عطاء فرمائے۔
نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک منتقل کرنے کی تیاریاں ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دی گئی ہیں، نواز شریف کو طویل ہوائی سفر کیلئے طبی طور پر تیار کرنے کیلئے ڈاکٹرز کو 48 گھنٹے درکار ہیں بیرون ملک فضائی سفر کے دوران نوازشریف کے پلیٹ لیٹس برقرار رکھنے، دل کی کسی ممکنہ تکلیف سے بچاو کے لئے ڈاکٹرز طبی احتیاطوں کی تیاری کے عمل میں ہیں ڈاکٹرز اس امر کو یقینی بنانے کی تگ و دو میں ہیں۔
دوران سفر کسی ممکنہ ایسی طبی پیچیدگی سے بچا جاسکے جو میاں نوازشریف کی زندگی کیلئے مہلک ثابت ہوسکتی ہے ڈاکٹرز کی اولین کوشش میاں نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کو اس محفوظ سطح پر لانا ہے جس سے وہ بحفاظت سفر کر سکیں۔
قوم سے دعا کی خصوصی اپیل ہے کہ میاں نواز شریف بخیریت سفر کرسکیں۔ میںقوم کا شکریہ ادا کر تی ہوں کہ نواز شریف کیلئے دعائیں کرکے وہ ان سے اپنی مخلصانہ محبت اور وابستگی کا اظہار کرتے رہےمیڈیا کا بھی بہت شکریہ ادا کرتی ہوں کہ جس نے نواز شریف کی صحت اور علاج کے حوالے سے قوم کو پل پل باخبر رکھا۔