• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبے میں سرکاری سکولوں کی تعلیمی حالت بدل رہی ہے،ڈاکٹرامجدعلی

پشاور(نیوزڈیسک)خیبرپختونخوا کے وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ حکومت کی تعلیمی اصلاحات کی بدولت صوبے میں سرکاری سکولوں کی تعلیمی حالت بدل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کا گزشتہ حکومتوں کی نسبت تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے میں تعلیم کے شعبہ پر خصوصی توجہ دی اور سرکاری سکولوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے پر اربوں روپے خرچ کئے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ پرائمری سکول بریکوٹ میں انٹر سرکل اسپورٹس اور بزم آدب کے مقابلوں کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر معدنیات کا کہنا تھا کہ سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کے ساتھ بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنا بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے جس کو ممکن بنانے کے لئے حکومت نے سرکاری سکولوں میں میرٹ کی بنیاد پر 42 ہزار اساتذہ بھرتی کئے جبکہ موجودہ حکومت میں مزید 17 ہزار اساتذہ بھرتی کئے جارہے ہیں اور یہ سلسلہ 30 ہزار تک لے جانے کا منصوبہ ہے تاکہ صوبے کے تمام اضلاع کے ہر سکول میں اساتذہ کی سو فیصد دستیابی یقینی ہو سکے۔ ان اقدامات سے اب سرکاری سکولوں کی حالت بدل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتوں کی غفلت کے باعث سرکاری سکولوں سے لوگوں کا اعتماد اٹھ گیا تھا لیکن اب بہترین سہولیت اور تعلیمی ماحول کے باعث والدین بچوں کو دوبارہ سرکاری سکولوں میں داخل کروارہے ہیں۔ وزیر معدنیات نے انٹر سرکل سپوٹس مقابلوں اور بزم ادب میں بہترین کارکردگی دکھانے والے بچوں میں تعریفی اسناد اور انعامات بھی تقسیم کئے اور ان کی بہترین کارکردگی کوسراہا۔ وزیر معدنیات کا کہنا تھا کہ بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں پر بھی بھرپور توجہ دینی چاہئے کیونکہ بچے جسمانی طور پر تندرست ہونگے تو ان کی ذہنی نشونما بھی صیح انداز میں ہوسکے گی۔ وزیر معدنیات کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے لئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں صوبے بھر میں کھیلوں کے شعبہ میں اربوں روپے لگا چکی ہے جبکہ یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی بہترین کارکردگی کے باعث سوات سے باقی سیاسی جماعتوں کا صفایا ہونے لگا ہے اور میرٹ کی بالادستی اور خدمات کی انجام دہی پر تحریک انصاف مقبولیت کی نئی بلندیوں پر پہنچ گئی ہے۔
تازہ ترین