• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوٹابایا راجاپکسا سری لنکا کے صدارتی انتخابات میں کامیاب

گوٹابایا راجاپکسا سری لنکا کے صدارتی انتخابات میں کامیاب


سری لنکا کے سابق صدر مہیندا راجا پکسا کے بھائی گوٹابایا راجاپکسا نے سری لنکا کے صدارتی انتخابات میں واضح اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرلی۔

عرب ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق نو منتخب سری لنکن صدر کا حکمراں جماعت یونائیٹڈ نیشنل پارٹی (یو این پی) کے سجیتھ پریماداسا سے کڑا مقابلہ ہوا۔

انتخابات کے سرکاری اعلان کے مطابق گوٹابایا راجاپکسا نے 52 اعشاریہ 25 فیصد یعنی 69 لاکھ 24 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مقابلے میں سجیتھ پریماداسا کو 41 اعشاریہ 99 فیصد یعنی 55 لاکھ 64 ہزار ووٹ  ملے۔

علاوہ ازیں صدارتی انتخابات میں شامل دیگر امیدواروں کو مجموعی طور پر 5 اعشاریہ 76 فیصد ووٹ ملے۔

گوٹابایا راجا پکسا نے صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم سری لنکا کے نئے سفر کے راہنما ہیں، ہمیں یہاں یہ بات یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ تمام سری لنکن باسی اس سفر کا حصہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس موقع پر اسی نظم و ضبط کے ساتھ خوشی منانی چاہیے جیسی کہ مہم چلائی گئی تھی۔

خیال رہے کہ گوٹابایا سری لنکا کے سابق لیفٹننٹ کرنل رہنے کے ساتھ ساتھ ایک ٹیکنوکریٹ بھی ہیں جو نومبر 2005 سے لے کر جنوری 2015 تک مہیندا راجا پسکا کے اقتدار میں سیکریٹری دفاع بھی رہے ہیں۔

انتخابات کے ناکام امیدوار سجیتھ پریماداسا نے اپنی شکست کو تسلیم کرلیا اور گوٹاپایا راجاپکسا کو جیت پر مبارکباد پیش کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں سجیتھ پریماداسا کا کہنا تھا کہ میں لوگوں کے فیصلے کو خوش اسلوبی کے ساتھ کرتا ہوں اور راجاپکسا کو ان کی جیت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے شہریوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھ پر بھروسہ کیا اور مجھ ووٹ دیے۔

سابق صدر مہیندا راجا پسکے نے اپنے بھائی کو مبارکباد پیش کی اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں اس کامیابی کو طویل محنت کا ثمر قرار دیا۔

انہوں نے ناکامی کا شکار ہونے والے سجیتھ پریماداسا کے ساتھ نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور مقابلے کو ایک سخت مقابلہ قرار دیا۔

سری لنکا کے سبکدوش ہونے والے صدر متھری پالا سری سینا نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں گوٹابایا راجاپکسا کو تاریخی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ 

غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق گوٹابایا راجا پکسا 18 نومبر کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

تازہ ترین