• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائد اعظم ٹرافی آٹھواں راؤنڈ، خطرناک ناردرن کا آج سدرن پنجاب سے مقابلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی کے آٹھویں راؤنڈ کا آغاز پیر سے ہورہا ہے۔ ایونٹ میں صرف تین راؤنڈز باقی رہ گئے ہیں۔ ناردرن کا مقابلہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود سدرن پنجاب کے خلاف ہوگا۔15 پوائنٹس حاصل کرنے والی ناردرن کی ٹیم مجموعی طور پر 71 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ ناردرن نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سندھ کو شکست دے کر حریف ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔ ایونٹ میں واحد کامیابی کے باوجود ناردرن کی ٹیم فائنل میں رسائی کی مضبوط امیدوار بن کر سامنے آئی ہے۔ناردرن کی ٹیم ایونٹ میں 2 شکستوں کا سامنا کرنے والی واحد ٹیم ہے تاہم ساتویں راؤنڈ کے میچ میں کامیابی نے پوائنٹس ٹیبل پر ان کی پوزیشن مستحکم کردی ہے۔ 36 وکٹیں حاصل کرنے والے اسپنر نعمان علی ایونٹ کے بہترین بولر ہیں۔ سدرن پنجاب کی امیدوں کا محور اوپنر سمیع اسلم ہوں گے جو اب تک 138.83کی اوسط کے ساتھ چار سنچریز کی مدد سے 833 رنز اسکور کرچکے ہیں۔ ان کا بہترین اسکور 243 رنز ہے۔108 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر براجمان سنٹرل پنجاب کی ٹیم کو زیر کرنے کے لیے سندھ کو جامع حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ اہم میچ میں سندھ کے کپتان سرفراز احمد کو فواد عالم سے بہترین بیٹنگ اور تابش خان سے عمدہ بولنگ کی توقعات ہیں ۔ فواد عالم ایونٹ میں سندھ کی جانب سے تاحال 2 سنچریاں اسکور کرنے والے واحد بیٹسمین ہیں جبکہ تابش خان ٹورنامنٹ میں 17 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے درمیان میچ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلا جائے گا۔ ابتدائی طور پر ایبٹ آباد میں شیڈول میچ کو موسم میں غیرمتوقع تبدیلی کے باعث کراچی منتقل کردیا گیا تھا۔بلوچستان کی بیٹنگ لائن اپ میں ترپ کا پتہ 23 سالہ نوجوان کرکٹر عمران بٹ ہیں جو 673 رنز بناکر تاحال ایونٹ کے تیسرے بہترین بیٹسمین ہیں۔ بلوچستان کے محمد اصغر ایونٹ میں 19وکٹیں حاصل کرکے ٹورنامنٹ کے پانچویں بہترین بولر ہیں۔پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر موجودخیبرپختونخوا کی ٹیم کو تاحال ایونٹ میں کسی شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ اشفاق احمد675رنز بناکر ایونٹ کے دوسرے بہترین بیٹسمین ہیں۔

تازہ ترین