• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ایران،پٹرول قیمتیں بڑھانے کیخلاف مظاہرے، فورسزکی فائرنگ سے 29 ہلاک

ایران،پٹرول قیمتیں بڑھانے کیخلاف مظاہرے


تہران (جنگ نیوز )ایران میں پٹرول قیمتیں بڑھنے کیخلاف ہونے والے مظاہروں پر فورسز کی فائرنگ سے ہلاک افراد کی تعداد 29 ہوگئی ہے۔مشتعل عوام سے جھڑپوں میں ایک میجر ہلاک بھی ہوا جبکہ پولیس نے کارروائیوں کے دوران 40 افراد کو گرفتار کیا۔دوسری جانب مظاہرین نے فورسز کے ایک دفتر کو آگ لگادی ،حکام کاکہنا ہے کہ اس اقدام سے سالانہ تین سو کھرب ریال کی بچت ہوگی۔ ادھرایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے تیل کی قیمت میں اضافے کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔انھوں نے سرکاری املاک کو نذر آتش کرنے والے مظاہرین کو ’’ڈاکو‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں ایران کے دشمنوں کی حمایت حاصل ہے۔تفصیلات کے مطابق ایران کے مختلف شہروں میں سکیورٹی فورسز نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے براہِ راست گولیاں چلائی ہیں، پانی توپوں اور اشک آور گیس کا استعمال کیا ہے جس کے نتیجے میں جمعہ کے بعد مظاہرین کی ہلاکتوں کی تعداد29ہوگئی ہے۔ایرانی سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان مختلف شہروں میں اتوار کو جھڑپوں کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہیں۔ ایرانی میڈیاکے مطابق ملک کے مغربی شہر کرمان شاہ میں ’’بلوائیوں اور ٹھگوں‘‘ کے ساتھ جھڑپ میں ایک پولیس افسر ہلاک ہوگیا ہے۔صوبائی پولیس سربراہ علی اکبر جاویدان نے ایرنا کو بتایا ہے کہ ’’شہر میں بدامنی کے دوران میں میجر ایراج جواہری مسلح حملہ آوروں کے ساتھ جھڑپ کے دوران میں مارے گئے ہیں۔‘‘ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی ایسنا کے مطابق پولیس نے یزد شہر میں مظاہروں کے دوران میں چالیس افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔تاریخی شہر بام میں حکام نے پندرہ مظاہرین کوگرفتار کیا ہے۔ایرانی کردوں کی انسانی حقوق کی ایک تنظیم کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کردستان میں متعدد شہروں میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے براہِ راست گولیاں چلائی ہیں۔

تازہ ترین