مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کل قوم کی دعاؤں میں علاج کے لیے بیرون ملک روانہ ہوں گے، ایئر ایمبولنس بھی کل ہی پہنچے گی۔
نوازشریف کی صحت کےحوالےسے مریم اورنگزیب نے بیان دیا ہے کہ ڈاکٹر میاں صاحب کے پلیٹ لیٹس محفوظ سطح پر رکھنے کو یقینی بنارہے ہیں تاکہ ہوائی سفر کے دوران کوئی طبی مسئلہ پیدا نہ ہو۔
انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف اور ڈاکٹر عدنان نواز شریف کے ہمراہ جائیں گے، ڈاکٹروں نے نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ کرکے ان کی طبی علامات کا جائزہ لیا ہے ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کو اسٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز دینے کاسلسلہ جاری ہے تاکہ پلیٹ لیٹس کی مقدار سفر کے دوران مطلوبہ سطح پربرقرار رہے۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے بتایاکہ اسٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز کے ساتھ دیگر ادویات بھی ردوبدل کے ساتھ استعمال کی جارہی ہیں، اسٹیرائیڈز اور ادویات کے زیادہ مقدار میں استعمال سے ہونے والے سائیڈایفیکٹس کنٹرول میں لانے کی کوشش بھی جاری ہے۔
ان کاکہناتھاکہ ڈاکٹر ان ممکنہ خطرات کو پیش نظر رکھ کر ادویات دے رہے ہیں جو ہوائی سفر کے دوران پیش آسکتے ہیں، قوم اور کارکنوں سے اپیل ہے کہ محمد نوازشریف کی صحت کے لئے خصوصی دعا کریں۔