• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمان علی کی جان لیوا بیماری میں مبتلا مریضوں کی حوصلہ افزائی


پاکستان کی معروف اداکارہ و ماڈل ایمان علی نے رواں سال جان لیوا مرض ’ملٹی پل اسکلیروسز‘میں مبتلا ہونے کا انکشاف کیا تھا ۔

ملٹی پل اسکلیروسز ایسی بیماری ہے جس میں دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کے حصے سخت ہوکر رسولی، اعصابی کمزوری اور دیگر کمزوریوں کا باعث بنتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اداکارہ نے ایک ویڈیو اپلوڈ کی ہے جس میں انہوں نے اس مرض میں مبتلا لوگوں کی جدوجہد اور اس میں کامیابی کا ذکر کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ’ملٹی پل اسکلیروسز‘ سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی ہے۔


2 منٹ پر مشتمل اس ویڈیو کے کیپشن میں ایمان علی نے ہیش ٹیگ ’انتظار نہ کرو‘ اور ’لیٹس بیٹ ایم ایس‘ کا استعمال کیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ گزشتہ 15 برس سے اس مرض سے جنگ لڑ رہی ہیں۔

ویڈیو کے آغاز میں اس مرض میں مبتلا مریض ’ملٹی پل اسکلیروسز‘ کو غلط تلفظ کے سال بولنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایمان علی کہتی ہیں کہ ’ایک ایسا مرض جس کا نام بھی بڑی مشکل سے لیا جاتا ہو ، اس کے بارے میں پتہ ہونا بھی دور کی بات ہے لیکن یہی تو بدلنا ہے۔‘

انہوں نےکہا کہ ’ملٹی پل اسکلیروسز‘کے ساتھ رہتے ہوئے زندگی پلٹ جاتی ہے۔ راستہ لمبا ہے اور دیکھنے میں مشکل بھی۔‘

ایمان نے بتایا کہ اس مرض میں مبتلا لوگوں کو اگلے دس سال کیا دس منٹ کی بھی خبر نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ کبھی کبھی بستر سے اٹھنے کی ہمت نہیں ہوتی، لیکن زندگی رکتی نہیں ہے، آپ اس زندگی کے ساتھ رہنا سیکھ ہی لیتے ہیں۔

ایمان علی نے اس مرض میں مبتلا لوگوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ ہمت کریں تو سارے کام ہوجاتے ہیں۔

ویڈیو کے آخر میں انہوں نے مرض میں مبتلا تمام لوگوں کو ایک دوسرے کا سہارا بننے کو کہا اور ساتھ ہی کہا کہ یہ بیماری اعصابی ہے،نفسیاتی نہیں۔

 اس بیماری کا نام انہوں نے صحیح تلفظ کے ساتھ لیتے ہوئے بتایا کہ اس جان لیوا مرض کا نام  ’ملٹی پل اسکلیروسز‘ ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’اب جان گئے ہو تو انتظار نہ کرو اور ایم ایس کو شکست دو۔‘

سوشل میڈیا صارفین ’ملٹی پل اسکلیروسز‘ پر  آگاہی پھیلانے کے لئے ایمان علی کی کوشش کی تعریف کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایمان علی نے کچھ عرصہ قبل اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس بات کا انکشاف کیا تھا وہ اس بیماری میں مبتلاہیں۔


انہوں نے لکھا تھا کہ  'ہوسکتا ہے کہ آپ میں سے چند کو پہلے سے علم ہو کہ میں  ’ملٹی پل اسکلیروسز‘ کے ساتھ زندگی گزار رہی ہوں، یہ اب میری زندگی کا حصہ ہے اور میرا طرز زندگی مکمل طور پر بدل چکا ہے۔‘

انہوں نےلکھا تھا کہ ’میرے بولنے ، چلنے کا انداز، ہر چیز پر اثرات مرتب ہوئے، مگر میں اس سے لڑ رہی ہوں، بالکل اسی طرح جیسے اس مرض کے شکار دیگر مریض لڑتے ہیں'۔

یاد رہے کہ ’ملٹی پل اسکلیروسز‘ کی علامات ہر فرد میں مختلف ہوسکتی ہیں اور اس کا انحصار ان اعصاب پر ہوتا ہے جو اس سے متاثر ہوں، تاہم چند عام علامات میں جسم کے ایک حصے کے ہاتھوں پیروں کا سن ہوجانا یا کمزوری، گردن کی مخصوص حرکت پر بجلی کے جھٹکے جیسا احساس ہونا، رسولی، توجہ مرکوز کرنے میں مشکل اور چال متاثر ہونا وغیرہ۔

بینائی کے مسائل بھی اس مرض میں عام ہوتے ہیں ایک آنکھ کی بینائی جزوی اور مکمل طور پر ختم ہوجانا جبکہ آنکھوں کی حرکت پر درد بھی محسوس ہوسکتا ہے، بولنے میں مشکل، تھکاوٹ، سرچکرانا اور جسم کے مختلف حصوں میں درد یا سوئیاں چبھنے کا احساس بھی ہوسکتا ہے۔

تازہ ترین