اسد عمر نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف لے لیا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےاُن سے حلف لیا۔
ایوان صدر میں اسد عمر کی حلف برداری کی تقریب ہوئی، جس میں وفاقی کابینہ سمیت پارلیمنٹ کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اسد عمر ایک بار پھر عمران خان کی کابینہ میں شامل ہوئے ہیں، انہیں منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کی وزارت سونپی گئی ہے۔
اسد عمر اس سے قبل وزیر خزانہ کی ذمے داریاں ادا کرچکےہیں، وزیراعظم نے ان سے استعفیٰ لے لیا تھا جبکہ ان کی جگہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ بنایا گیا۔
معاون خصوصی اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے مطابق وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردو بدل کا فیصلہ کیا ہے اور اسد عمر کی کابینہ میں واپسی اسی کا حصہ ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق کے مطابق مخدوم خسرو بختیار جو کہ منصوبہ بندی و ترقی کے وفاقی وزیر تھے انہیں پٹرولیم کا قلمدان دیا جا رہا ہے ۔