اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ وزیر اعظم کی جذباتی تقاریر سن سن کر لوگ تنگ آچکے ہیں اور اب کوئی بھی ان کی بات کو سنجیدہ نہیں لیتا۔ خزانہ بھرنے کے لیے لوگوں کے منہ کا نوالہ چھیننا کہاں کا انصاف ہے۔وزیراعظم کو سنجیدگی اختیار کرتے ہوئے ملک کے مستقبل کی فکر کرنی چاہیے۔ اب انہیں دعوؤں کی بجائے کچھ کر کے دکھانا ہوگا۔ ایک پاکستان بنانے کے دعویداروں نے طبقاتی تقسیم کو مزید گہرا کر دیا، لوئر دیر میدان ،میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہاکہ 15ماہ کے دوران حکومت کسی شعبہ میں بھی کوئی تبدیلی نہیں لاسکی ، حکمران بتائیں کہاں ایک پاکستان ہے ، غریب کو کہیں سے انصاف نہیں ملتا ۔ غریبوں کے تعلیمی ادارے چار دیواری ، بجلی اور پانی سے بھی محروم ہیں ،سرکاری ہسپتالوں میں بھی علاج کی سہولت نہیں ملتی ، پی ٹی آئی نے انصاف ، تعلیم اور علاج کی یکساں سہولتوں کا بھی وعدہ کیا تھا مگر دوسرے بہت سے وعدوں کی طرح یہ بھی ہوا میں تحلیل ہو کر رہ گیا ہے ۔