محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں مطلع ابر آلود رہے گا اور کوئٹہ، ژوب، مکران، پشاور میں ہلکی بارش کا امکان ہے ۔
ایران سے بارش کا سسٹم آج شام پاکستان میں داخل ہوگا
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ مشرقی ایران میں موجود ہے ، جو آج شام سے پاکستان میں داخل ہوگا جس کی وجہ سے بدھ سے لے کر جمعہ کے دوران تک بلوچستان، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
لاہور، راولپنڈی ، سرگودھا ، گوجرانوالہ، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں کل اور جمعہ کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں آج موسم کیسا رہے گا ؟
ذرائع موسمیات کے مطابق کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود اور صبح کے وقت کہر چھائے رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کراچی میں آج درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 29 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ہے ، جبکہ شہر میں شمال مشرقی علاقوں سے ہوائیں 9 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
کوئٹہ، بلوچستان میں بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسم سرد ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، ژوب، مکران، قلات ، چاغی، کیچ اور پنجگور سمیت مختلف شہروں میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے ۔
ذرائع موسمیات کا بتانا ہے کہ آج کوئٹہ اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود ہے، درجہ حرارت میں کمی سے موسم سرد ہے، جبکہ قلات اور زیارت سمیت صوبے کے شمالی علاقوں میں بھی موسم سرد اور خشک ہے۔
پشاور میں سردی کی شدت میں اضافہ
دوسری جانب پشاورمیں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ گردونواح میں دھند بھی چھانے لگی محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں گزشتہ روز ہونے والی بارشوں کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہےاور درجہ حرارت 9 درجہ سینٹی گریڈ تک کم ہوگیا جبکہ پشاور کے گردونواح میں جزوی طورپر دھند بھی چھاگئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کردی جس سے سردی کی شدت مزید بڑھ جائے گی۔