• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں اخبارات کے اسٹال مسمار کرنا سازش ہے، ٹکا خان

اسلام آباد (جنگ نیوز) آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے کراچی میں اخبارات کے سٹالز کو مسمار کرنے کے اقدامات کی شدید مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ یہ اخبارات کو تباہ کرنے کی سازش اور ہزاروں لاکھوں اخبار فروشوں اور اخباری صنعت کے کارکنوں کو بیروزگار کرنے کی ایک گھنائونی کوشش ہے۔ ان اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ کچھ عناصر ان اقدامات سے اپنے کچھ مخصوص مفادات حاصل کرنا چاہتے اور اخباری صنعت میں بے چینی پیدا کر کے ملک بھر میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں۔ ٹکا خان نے وفاقی حکومت‘ سندھ حکومت اور میئر بلدیہ سے کہا کہ اس سازش کے پیچھے چھپے عناصر کو بے نقاب کیا جائے اور اخباری صنعت کی بے چینی اور ملک بھر کے ایک لاکھ اخبار فروشوں میں حکومت کیخلاف جو غلط تاثر پیدا ہوا‘ اسے دور کیا جائے۔ ٹکا خان نے کہا کہ اس سلسلے میں 2دن پہلے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان سے ملاقات کر کے انہیں صورتحال سے آگاہ کیا تھا جس پر انہوں نے چیف سیکرٹری سندھ سے رابطہ کیا اور انہیں اس سنگین مسئلے کو حل کرنے کیلئے کہا‘ جس کے نتیجے میں چیف سیکرٹری سندھ نے اخبار فروش رہنمائوں کے ایک وفد سے ملاقات کی اور پھر کمشنر کراچی اور ڈی آئی جی سندھ پولیس کو مسئلے کو حل کرنے کا کہا‘ لیکن پھر بھی یہ مسئلہ حل نہیں ہوا بلکہ الٹا دوسرے دن اور بڑے اور سخت اقدامات کئے گئے۔ ٹکاخان نے کہا کہ اگر اس مسئلے کو فوری حل نہ کیا گیا تو ملکی سطح پر اقدامات اٹھائے جائینگے۔ اگر اس مسئلے کو فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو ملکی سطح پر اخبار فروش فیڈریشن اپنے ردعمل کا اظہار کریگی۔
تازہ ترین