پشاور سے دو روز قبل شارجہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی، پائلٹ نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک انجن کی مدد سے جہاز کو باحفاظت واپس لینڈ کیا۔
ذرائع کے مطابق بدھ کے روز پی آئی اے کی پرواز پی کے 257 کے اڑان بھرنےکی کچھ ہی دیر بعد طیارے کے سسٹم ٹرپ کر گئے اور خرابی سے طیارے کا اگلا وہیل بھی بند نہیں ہو رہا تھا۔
اس موقع پر جہاز کے کپتان نے وہیل کو بند کرنے کی بہت کوشش کی مگر وہ بند نہ ہوسکے، طیارے کے شاک آبزرورز میں بھی خرابی پیدا ہوگئی تھی اور طیارے کے اسٹینڈ بائے پائلٹ آٹو ٹرسٹ، آٹو پائلٹ بھی ٹرپ کرگیا تھا۔
ذرائع کے مطابق طیارہ کے ایف ایم اے میں بھی خرابی پیدا ہوئی، تاہم کپتان نے طیارے کو مہارت کے ساتھ دوبارہ پشاور ایئر پورٹ پر اتار لیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی آئی اے کے انجینئر پشاور ایئرپورٹ پر طیارے کی فنی خرابی کو دور کرنے میں ناکام رہے جس کے بعد ایئر بس 320طیارہ کوگزشتہ روز بغیر مسافروں کے کراچی پہنچایا گیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق جہاز کے انجن میں کوئی چیز چلی گئی تھی جس سے خرابی پیدا ہوئی، پائلٹ نے خراب انجن کا سوئچ آف کرکے ایک انجن کی مدد سے جہاز کو اتارا، نیز طیارہ خیریت سے لینڈ ہوا اور تمام مسافر محفوظ ہیں۔