آسٹریلیا کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کے لیے قومی ٹیم کے سابق اسپنر عبدالقادر مرحوم نے پیش گوئی کی تھی جو سچ ثابت ہوگئی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی طرف سے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے نوجوان فاسٹ بالر نسیم شاہ نے ابتدائی تربیت قومی ٹیم کے سابق مایہ ناز بولر عبدالقادر کی کرکٹ اکیڈمی سے حاصل کی ہے۔
عبدالقادر کے صاحبزادے سلمان قادر کہتے ہیں سابق لیگ اسپنر عبدالقادر مرحوم نے پیش گوئی کی تھی کہ یہ لڑکا پاکستان کی طرف سے ضرور کھیلے گا۔
قذافی اسٹیڈیم کے عقب میں واقع گگلی ماسٹر عبدالقادر کی کرکٹ اکیڈمی میں 16 سالہ فاسٹ بولر نسیم شاہ نے پانچ سال سے زائد عرصہ تربیت حاصل کی انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں ڈیپارٹمنٹ زیڈ ٹی بی ایل کی نمائندگی بھی کی اور کئی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا ۔
عبدالقادر کے صاحبزادے سلمان قادر کہتے ہیں نسیم شاہ کے ٹیسٹ ڈیبیو پر بہت خوشی ہوئی ہے ، ہمارے والد مرحوم نسیم شاہ کی بولنگ دیکھ کر بہت مثاثر ہوئے تھے۔
دیر سے تعلق رکھنے والے کرکٹر نسیم شاہ سابق کیوی بولر شین بونڈ ، وسیم اکرم ، وقار یونس اور شعیب اختر سے مثاثر ہیں۔
واضح رہے کہ جمعرات کو نسیم شاہ نے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کم عمر ترین کرکٹرز کی فہرست میں اپنا نام درج کرا دیا، ان کی عمر16 سال 278 دن ہے۔ وہ آسٹریلیا میں پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے کم عمر ترین کرکٹر ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: نسیم شاہ نے آسٹریلیا میں تاریخ رقم کردی
نسیم شاہ نےٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کم عمر ترین کرکٹرز کی فہرست میں نویں نمبر پر اپنا نام درج کرایا۔
اس سے قبل جب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے نوجوان نسیم شاہ کو وولن گابا میں ٹیسٹ کیپ پہنائی تو وہ اپنی والدہ کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔ پھر آنسو پونچھے، شاہین شاہ آفریدی کے گلے ملے اور ساتھی کرکٹرز سے مبارکباد بھی وصول کی۔
نسیم شاہ کے ساتھی کھلاڑی انہیں دلاسا بھی دیتے رہے۔ وہ والدہ کو زندگی میں ٹیسٹ کرکٹر بننے کا تحفہ دینا چاہتے تھے لیکن ان کی یہ خواہش پوری نہ ہوسکی۔