لاہور کے علاقے گلبرگ میں 24 سالہ حرا کے قتل کیس میں پیش رفت ہوئی ہے، پولیس نے لڑکی کے والد ریاض حسین کو شامل تفتیش کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فون کال ریکارڈز کی مدد سے ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زیرحراست شخص کے نمبر سے حرا کو آخری کال آئی تھی۔
لاہور کے علاقے گلبرگ میں نامعلوم افراد نے جواں سال حرا کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا، مقتولہ کی 3 روز بعد شادی تھی۔
پولیس کے مطابق حرا کے والد نے گھر کی بیل بجائی تو لڑکی نے دروازہ کھولا، اچانک نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے لڑکی کو پکڑ لیا۔
والد نے مزاحمت کی تو حملہ آوروں نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
قتل کا مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر کے مطابق 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان لڑکی کو زبردستی گھر کے قریب میدان میں لے گئے اور کچھ دور جا کر اسے گولیاں مار کر قتل کر دیا اور باآسانی فرار ہو گئے۔
اہل محلہ نے فائرنگ کرنے والے ملزمان کو پکڑنے کی کوشش بھی کی تاہم وہ اس میں ناکام رہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان جاتے ہوئے لڑکی کا زیور بھی اتار کر لے گئے تھے۔
پولیس نے قاتلوں کو جلد سے جلد پکڑنے کے لیے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور مقتولہ کے موبائل فون کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔