• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خصوصی ٹیم نے پبلک پارکس اور پشاور جم خانہ کے کاموں کا جائزہ لیا

پشاور (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش کی ہدایت پر خصوصی ٹیم نے پی کے 77میں واقع پبلک پارکس اور پشاور جم خانہ کے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ خصوصی ٹیم کی سربراہی کرتے ہوئے محکمہ سائنس و آئی ٹی کے ترجمان ریاض غفور اور فوکل پرسن برائے پارکس عرفان سلیم کو پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ریاض اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل محمد اقبال نے پشاور جم خانہ کے بارے آگاہ کیا کہ تمام گرائونڈ کی ارتھ فلنگ مکمل کی گئی ہے جبکہ کرکٹ پچ کی تیاری کے لئے پنجاب سے بین الاقوامی معیار کی مٹی منگوائی گئی ہے جس پر کام آخری مراحل میں ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کرکٹ گرائونڈ اور ٹینس کورٹ میں اعلیٰ قسم کی گھاس لگائی جارہی ہے جبکہ تمام گرائونڈ میں نئی واٹر سپلائی پائپ اور بائونڈری وال سمیت شائقین کے لئے کرسیوں کی تنصیب کا کام بھی تقریباً مکمل ہونے کی قریب ہے۔ جم خانہ میں باہر سے آنے والے مہمانوں کے لئے بنائے گئے کمروں اور ہال پر بریفنگ دیتے ہوئے ٹیم کو بتایا گیا کہ واش رومز‘ ٹائلز‘ بجلی سمیت دیگر کام اسی مہینے کے آخر تک مکمل ہوجائے گا۔ جائزہ ٹیم نے پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ریاض کو آگاہ کیا کہ معاون خصوصی چاہتے ہیں کہ 15 دسمبر سے پہلے پہلے جم خانہ میں ترقیاتی کام مکمل کیا جائے جس کا پھر باقاعدہ افتتاح بھی وہ کریں گے۔ واضح رہے کہ پشاور جم خانہ میں سال 1957ء کے بعد اتنے بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام نہیں ہوا تھا۔ یہ پہلی بار ہے کہ پشاور جم خانہ کو معاون خصوصی کامران بنگش کی ذاتی دلچسپی پر ہر لحاظ سے تیار کیا جا رہا ہے۔ جس سے نہ صرف پی کے-77 کے عوام کے لئے بہترین تفریحی مقام دستیاب ہو پائے گا بلکہ پشاور کی خوبصورتی میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔ دوسری جانب معاون خصوصی کامران بنگش کی خصوصی ٹیم نے شالیمار باغ میں عوام کے لئے لگائے20 ڈسٹ بن اور 24 بنچز کا معائنہ بھی کیا۔ پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد اقبال نے جائزہ ٹیم کو بتایا کہ شالیمار باغ میں عوام کے لئے سایہ دار سہولت یعنی کینوپیز لگانے کا آرڈر دیا گیا ہے جس کو نومبر کے آخر تک لگایا جائے گا۔ ٹیم نے قادر آباد پارک کا بھی دورہ کیا۔ جہاں پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کام جاری ہے جبکہ 150 میٹر جاگینگ ٹریک بھی مکمل ہونے کی قریب ہے اسے عوام کے لئے مارچ سے پہلے کھول دیا جائے گا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد اقبال نے قادر آباد پارکس کے حوالے سے تجویز پیش کی کہ یہاں پر واقع اگر سول ڈیفنس کے موجود دو کمروں کو کہیں اور مناسب جگہ شفٹ کیا جائے تو پارک کی رونق مزید نکھر جائے گی۔ جس پر جائزہ ٹیم نے کہا کہ تمام پارکس کے حوالے رپورٹ کامران بنگش کو پیش کی جائے گی۔ خصوصی جائزہ ٹیم نے حاجی کیمپ بس سٹینڈ کے سامنے پلاٹ میں پارک کی منظوری کے بعد ہونے والے کام کی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد اقبال نے جائزہ ٹیم کو آگاہ کیاکہ اس وقت ابتدائی کام کا سروے جاری ہے جسے ایک ماہ میں مکمل کیا جائے گا جس کے بعد باقاعدہ طور پر کام کا آغاز کیا جائے گا۔ خصوصی ٹیم نے اعجاز آباد پارک‘ شیخ آباد میں واقع دو پارکس سمیت گلبہار میں تین پارکس کا تفصیلی دورہ کیا وہاں پر لائٹس‘ بینچز‘ پانی اور بیوٹیفیکیشن کے حوالے سے پارکس کا جائزہ بھی لیا۔
تازہ ترین