• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردی میں ٹھنڈ سے حفاظت کیلئے چند غذائیں

ملک بھر میں سردی کا آغاز ہو گیا ہے ، ایسے میں کچھ غذائیں ایسی ہیں جن کا استعمال ٹھنڈ کو بھگانے کے لیےفائدہ مندبھی ہے اور جن کے کھانے سے نزلہ زکام ، خشک کھانسی اور بخار سے بچا جا سکتا ہے ۔

ماہرین غذائیت کے مطابق سردیوں کی سوغات غذاؤں سے ہی سردی کا علاج کرنا چاہئے، یہ غذائیں لذیذ بھی ہیں اور تاثیر میں گرم بھی، ان کے استعمال سے آپ بار بار بیمار ہونے سے بھی بچ سکتے ہیں۔

باجرے کی روٹی اور سبزیاں

موسم سرما کے شروع ہوتے ہی تازہ، رنگ برنگی مزیدار اور صحت بخش سبزیاں مارکیٹ میں دستیاب ہو تی ہیں، ان سبزیوں کو گندم کے بجائےباجرے کی روٹی کے ساتھ کھائیں ، باجرے میںجوڑوں کے درد کا بھی علاج ہے، باجرے میں بڑی تعداد میں میگنیشیم پایا جاتا ہے جس سے دل کی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، اس میں موجود پوٹاشیم اور فائبر کی وجہ سے کولیسٹرول لیول متوازن رہتاہے اور خون کوصحیح طرح سے گردش کرنے میں مدد ملتی ہے۔

بے شمار منرلز اور فائبرسے بھر پور باجرے کی سردیوں میں روٹی پکا کر اسے دال یا سبزیوں کے ساتھ کھائیں۔

مکئی کی روٹی اور ساگ

مکئی کا آٹا گلوٹن فری اور تاثیر میں گرم ہوتا ہے ، مکئی کی روٹی بنائیں اور اسے سردیوں کی مشہور اور لذیذ غذا ساگ کے ساتھ استعمال کریں، آئرن سے بھرپور ساگ میں وٹامن بی کمپلیکس، وٹامن اے، وٹامن سی ، وٹامن ، بیٹا کیروٹین اور سیلینئین پایا جاتاہے جو کہ جلد، بال ، دل اور دماغ کی صحت سمیت ہاضمے کے لیے بھی بہترین ہے، ساگ قوت مدافعت کے لیے بھی بے حد مفید ہے۔

گُڑ اور دیسی گھی

گُڑ اور دیسی گھی کا ایک ساتھ استعمال سردی لگ جانے اور نزلہ زکام کے لیے بہت فائدہ مند ہے ، گُڑ کو پیس کر دیسی گھی میں پکانے سے ایک مزیدار سا میٹھا بن جاتا ہے جسے کھانے کے بعد یا باجرے کی روٹی کے ساتھ بھی کھایا جاتا ہے، یہ مرکب تاثیر میں نہایت گرم ہے جبکہ دیسی گھی قبض کی شکایت اور آنتوں کی خشکی کو دور کرتا ہے اور ہاضمہ بہتر بناتا ہے۔

ملکہ مسور(کالی) دال

ملکہ مسور ہر موسم میں دستیاب ہوتی ہے مگر اسے سردیوں میں دیسی گھی کے بگھار کے ساتھ مکئی یا باجرے کی روٹی کے ساتھ کھایا جائے تو سردیوں کا مزہ دوبالا ہو جاتا ہے۔ کالی دال کا استعمال چاولوں کے ساتھ بھی کیا جا سکتا ہے، کالی دال گردے میں پتھری ہونے سے بچاؤ سمیت جلد اور بالوں کی جڑوں کو نم رہنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

مکھن اور دیسی گھی کا استعمال

مکھن اور دیسی گھی میں صحت مند چکنائی پائی جاتی ہے، اس کے استعمال سے آپ موٹے ہونے کے بجائے پہلے سے زیادہ مضبوط اور متحرک ہو جاتے ہیں، سردیوں میں اس کے استعمال سے سر اور جلد پر ہونے والی خشکی میں افاقہ ہوتا ہے ، دیسی گھی میں موجود وٹامن اے، ڈی ، ای پائے جاتے ہیں جبکہ جن افراد میں وٹامن ڈی کی کمی ہوتی ہے انہیں اپنی غذا میں مکھن یا اصلی گھی کا استعمال لازمی کرنا چاہیے۔

تل کے بیج

تل تاثیر میں گرم ہوتے ہیں ، سردیوں میں تل کے لڈوؤں کا استعمال بڑھ جاتا ہے، گُڑ کو پگھلا کر تل مکس کر کے اس کی کئی طریقوں سے مٹھائیاں، گجک بنتی ہیں جو سردیوں میں بے حد پسند کی جاتی ہیں اور آنکھوں کی بینائی، جلد اور ہڈیوں کے لیے بھی مفید ہے۔

تل کا استعمال عمر ڈھلنے کے مرحلے کو آہستہ اور بالوں کی بڑھنے کی رفتار کو تیز کرتے ہیں۔

تازہ ترین