کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اپنی نااہلی اور نالائقی کو چھپانے کے لئے پیپلزپارٹی کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے،کئی لوگوں کو مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ آصف علی زرداری کے خلاف گواہی دیں لیکن ہم بھاگنے والے نہیں،پہلے بھی عدالتوں کا سامنا کیا،اب بھی کررہے ہیں پہلے بھی ظلم کرنے والے لوگوں نے پیر پکڑ کر معافی مانگی اب بھی وہ معافیاں مانگیں گے،وہ پیر کو اپنے دفتر میں سابق صوبائی وزیر و پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری اور نائب صدر سردار خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ انصاف کے انوکھے پیمانے پیپلز پارٹی کے لئے چنے جاتے ہیں، اگرہمیں حکومت کے ساتھ ڈیل کرنی ہوتی تو گرفتاریوں سمیت دیگر تکالیف کیوں برداشت کرتے، یہ کس آئین اور قانون میں ہے کہ جرم کراچی میں ہو اور تحقیقات راولپنڈی میں،آصف علی زرداری اور فریال ٹالپور جیل میں ہیں ریمانڈ ختم ہوگیا نیب نے جو تحقیقات کرنی تھی وہ کرلی پھر بھی ان کو ناحق جیل میں رکھا ہوا ہے آصف علی زرداری حکومتی بنائے ہوئے میڈیکل بورڈ کی سفارش پر اسپتال میں ہیں ان کے وہ ڈاکٹر جو ان کو سالوں سے چیک کرتے ہیں ان تک رسائی دی جائے ہم حکومت سے کوئی احسان نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں۔