سکھر (بیورو رپورٹ) پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ برآمد، دیگر کارروائیوں میں 7روپوش، موٹر سائیکل چھیننے و چوری کرنیوالے گروہ کے سرغنہ سمیت 12ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ جن کے قبضے سے 3مسروقہ موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کے مطابق ضلع بھر میں امن و امان کی فضاء کو بحال رکھنے اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کو روکنے کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تھانہ سائیٹ ایریا کی حدود لیبر کالونی کے نزدیک واردات کی نیت سے موجود ڈاکوؤں نے گشت کرنیوالے پولیس اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی، پولیس نے جوابی فائرنگ کی اور مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا ہے، جس کی شناخت ارشاد کے نام سے ہوئی ہے، گرفتار ملزم کے قبضے سے پستول برآمد ہوئی ہے، ملزم موٹر سائیکل چوری، ڈکیتی، پولیس مقابلوں سمیت دیگر سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا، ملزم کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں، جن کی گرفتاری کے لئے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائیگا جبکہ تھانہ روہڑی کی حدود میں پولیس نے کارروائی کرکے 5روپوش ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جن کی شناخت عبدالرفاقت، خالق، عبدالحسین، شاہ زیب اور مقبول کے نام سے ہوئی ہیں، ملزمان متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔ تھانہ روہڑی کی ہی حدود میں پولیس نے بیڑی چوک کے قریب کارروائی کرکے موٹر سائیکلیں چوری اور چھیننے والے گروہ کے سرغنہ سمیت 2ملزمان کو بھی گرفتار کیا ہے۔ جن کی شناخت رب نواز، غلام مرتضیٰ کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان کے قبضے سے 3مسروقہ موٹر سائیکلیں، پستول ودیگر سامان برآمد ہوا ہے جبکہ تھانہ پٹنی کی پولیس نے بھی روپوش ملزم میر محمد کو گرفتار کیا ہے۔ تھانہ کندھرا کی پولیس نے سماجی برائیوں کے اڈے پر چھاپے مارکر جوا ڈیلر سمیت 4ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جن میں مظفر، شفیع ودیگر شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے نقد رقم، تاش کے پتے، جوا میں استعمال ہونیوالا دیگر ساز و سامان برآمد ہوا ہے۔ پولیس کی جانب سے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے، جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کرنے اور سماجی برائیوں کے خاتمے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔