کراچی (نیوز ڈیسک) الہ آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس گووند ماتھور نے کہا ہے کہ وہ آئین پر ’’گیتا‘‘ کی طرح عمل کریں۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ججوں اور وکلاء کو چاہئے کہ وہ آئین کو فعال رکھنے کیلئے مل کر کام کریں۔ ججوں، سینئر وکلاء، جوڈیشل افسران، ریاست کے لاء افسران اور زیر تربیت ججوں کی ایک تقریب سے خطاب کے دوران، پاکستان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے جسٹس ماتھور نے کہا کہ چند گھنٹوں کے فرق سے، بھارت سمیت دو ملکوں نے آئین نافذ کیا لیکن ہمارا پڑوسی ملک ایک ناکام ریاست ہے اس کے برعکس اس معاملے میں ہمارا قد اونچا ہے۔ اس کی وجہ ہمارے ملک کے عوام اور آئین میں وضع کردہ خیالات ہیں جن میں سماجی، اقتصادی اور سیاسی انصاف کے ساتھ آزادی، مساوات اور اخوت کا ذکر بھی شامل ہے۔ تقریب کا اہتمام منگل کو یومِ آئین کے موقع پر ہائی کورٹ کی جانب سے کیا گیا تھا۔