لاہور(نمائندہ جنگ)لاہور ہائیکورٹ نے سابق صدرپرویز مشرف کیخلاف خصوصی عدالت کو فیصلہ سنانے سے روکنے کی درخواست پر وفاقی حکومت کو جواب داخل کرانے کی ہدایت کی ہے اور تمام متعلقہ ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے سابق صدر پرویز مشرف کی درخواست کی سماعت شروع کی تو استفسار کیا کہ آپ کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے دادرسی ہوگئی ہے؟ جس پر پرویز مشرف کے وکیل اظہر صدیق نے نشاندہی کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں اُن نکات پر بات نہیں ہوئی جو اس درخواست میں اٹھائے ہیں۔ پرویز مشرف نے خصوصی عدالت کے قیام کوچیلنج کیا ہے. فاضل جج نے وفاقی حکومت کے وکیل کوجواب داخل کرانے کی ہدایت کی تو پرویز مشرف کے وکیل نے نشاندہی کی کہ عدالتی حکم پر خصوصی عدالت کے قیام کی سمری پیش نہیں کی گئی ۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے بتایا کہ تمام ٹیم سپریم کورٹ میں مصروف ہے. سابق صدر پرویز مشرف کی درخواست پر آئندہ سماعت 3 دسمبر کو ہوگی۔