• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر ڈیزائن کی تخلیق کے پیچھے ڈیزائنر کی محنت، کام اور موڈ ہوتا ہے،جس کے تحت وہ مختلف تھیم ڈیزائن کرتا ہے۔ ہوسکتا ہے کہ کوئی تھیم تخلیقی صلاحیتوں کا تاثر لیے ہو، تو کوئی پرسکون انداز، اور تو اور کوئی تھیم خوشگوار یادیں سمیٹے ہوئے بھی ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب کچھ تخلیق کاروں کے ڈیزائن منفرد کے بجائے عام سی تھیم کے بھی ہوتے ہیں۔ اگر آپ بھی اپنے گھر خصوصاًباتھ روم کے لیے مختلف ڈیزائنز پر غور کررہے ہیںتو سب سے پہلے اپنے اہل خانہ کے مزاج پر غور کریں۔ 

مزاج سے آگاہی کے بعد ہی آپ ان کے باتھ روم کے لیے کسی بہترین تھیم کا انتخاب کرپائیں گے۔ ذیل میں دنیا بھر کے مشہور ڈیزائنرز کی جانب سے تخلیق کردہ مختلف باتھ روم تھیم پیش کی جارہی ہیں۔ امید ہے کہ یہ معلومات آپ کو باتھ روم تھیم کا بہترین انتخاب کرنے میں رہنمائی فراہم کریں گی۔ اس کے علاوہ، نل چونکہ باتھ روم میں ایک خاص تاثر پیدا کرتے ہیں، لہٰذا زیر نظر مضمون میں نل کی مختلف اقسام پر بھی بات کی جائے گی۔

ماڈرن اور رسٹک تھیم

چونکہ جدید گھروں میں باتھ روم کے لیے محدود جگہ مختص کی جاتی ہے، لہٰذا ڈیزائنر کی جانب سے پیش کیے گئے زیادہ تر تھیم بھی چھوٹے باتھ رومز کی تعمیر کے لیے ہوتے ہیں۔ کم جگہ پر تعمیر کیے گئے باتھ رومز کے لیے ماہرین ٹوائلٹ کی اوپری سطح بھی بطور شیلف استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ ماڈرن اور رسٹک تھیم میں لکڑی کے شیلف کا استعمال کیا جاتا ہے۔ 

لکڑی کا شیلف اور کاؤنٹر آپ کے باتھ روم کو رسٹک ٹچ دینے کے لیے بہترین ثابت ہوگا۔ دوسری جانب ماہرین باتھ روم کی تعمیر کے دوران ماڈرن ٹچ کے لیےگولڈن کلر کے اضافے کا مشورہ دیتے ہیں، مثلاً شیشے (باتھ مرر) کے لیے گولڈن فریم، دیوار کے لیے گولڈن کلر اسکیم جبکہ باتھ روم میں لگائے جانے والےنلوں کے لیے بھی گولڈن رنگ کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

ماڈرن ٹچ کیلئے ٹو ہینڈل ٹیپ:ڈیزائنرز کی جانب سے ماڈرن ٹچ والے باتھ روم کی تعمیر کے لیے دو ہینڈل پر مشتمل گولڈن کلر اسکیم نل (faucet)استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ڈبل ہینڈل والے نل جہاں آپ کے باتھ روم کو ماڈرن ٹچ دیں گے، وہیں یہ نل دیگر اقسام کے مقابلے زیادہ پائیدار ثابت ہوں گے، جنہیں بغیر پریشر دیے کھولا اور بند کیا جاسکتا ہے ۔

کلاسک وائٹ اور بلیک تھیم

باتھ روم کی تعمیر کے لیے کلاسیکل تھیم سب سے زیادہ اپنائی جاتے ہے،یوں سمجھ لیں کہ وائٹ اور بلیک کلر اسکیم کو کسی طور نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ماہرین کے مطابق سیاہ اور سفید رنگ باتھ روم کے لیے سادہ اور نفیس تصور کیے جاتے ہیں، اس کے ساتھ ہی یہ بجٹ فرینڈلی بھی ہوتے ہیں کیونکہ ان رنگوں کی چیزیں بآسانی اور کم دام میں مل جاتی ہیں۔ 

کلاسیکل تھیم کے تحت آپ باتھ روم کے فرش کے لیے سفید اور سیاہ ڈاٹس والے ٹائلز جبکہ شیشے کے لیے لکڑی کے فریم کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب اگر آپ باتھ روم کی دیواروں پر ٹائلز لگوانے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو سیاہ یا سفید رنگوں میں سے کسی ایک کا انتخاب آپ کی پسند پر منحصر ہے۔ تاہم سفید رنگ نفیس اور جدید نظر آتا ہے، جو چھوٹے سے باتھ روم کو بھی کشادہ دکھا تا ہے۔ سفیدباتھ ٹب، سفید واش بیسن، سفید الماریاں، کھڑکیاں اور سفید دیواروںسے سجا باتھ روم خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہوسکتا ہے۔

بال ٹیپ:اگر آپ باتھ روم کنسٹرکشن کے لیے کلاسیکل تھیم کا انتخاب کررہے ہیں تو آپ دو ہینڈل والے نل کے بجائے ایک ہینڈل والے نل (سنگل بال ٹیپ) کا انتخاب کریں۔ اس نل کی پیچ دار ٹونٹی گول شیپ کی ہوتی ہے، جس کی وجہ سے ان نلوں کو بال ٹیپ کہا جاتا ہے۔ کلاسیکل تھیم والے باتھ روم میں اسٹیل کے بجائے سیاہ رنگ کے نل نصب کروائے جائیں۔

بولڈکنٹراسٹ تھیم

اس تھیم کے تحت آپ باتھ روم کی تعمیر کنٹراسٹ تھیم کے ساتھ کرواسکتے ہیں۔ اگر آپ باتھ روم کے فرش کے لیےپتھر کے متبادل یعنی پورسلین کا انتخاب کررہے ہیں تو اس کے ساتھ آپ نے باتھ روم کی دیوار کی کلر اسکیم بھی گہری رکھنی ہوگی۔ پورسلین کے انتخاب کی وجہ مختلف ہو سکتی ہیں، مثال کے طور پر آسان منٹیننس، مارکیٹ میں بآسانی کئی رنگوں میں دستیابی اور عمدہ فنشگ وغیرہ وغیرہ۔ 

یہاں یہ بات بھی اہم ہے کہ گہرے رنگ کی دیواروں اور فرش پر مبنی اسکیم آپ کے باتھ روم کے مجموعی تاثر کو بیزار (بورنگ) بناسکتی ہے۔ لہٰذا اس میں بولڈ کنٹراسٹ تھیم کا اضافہ ضروری ہے مثلاً ایسی صورتحال میں باتھ روم کاؤنٹر اور باتھ ٹب کے لیےسفید رنگ کا انتخاب کیجیے۔ دوسری جانب باتھ روم میں منفرد اورجداگانہ انداز دینے کے لیے باتھ روم کی آرائشی اشیا شوخ رنگوں والی منتخب کی جاسکتی ہیں۔

ڈسک ٹیپ:کنٹراسٹ تھیم کے لیے سیرامک کے ڈسک ٹیپ کا انتخاب کیا جاسکتا ہے، اسے ماہرین فوسیٹ کی ایڈوانس ٹیکنالوجی میں سے ایک قرار دیتے ہیں۔ یہ نل بھی سنگل ہینڈل ہوتے ہیں لیکن اپنی جداگانہ اور خوبصورت شیپ کی بدولت باتھ روم میں دلکش اضافہ ثابت ہوتے ہیں۔ ان نلوں کی ایک کے بجائے کئی اقسام مارکیٹ میں دستیاب ہیں لیکن آپ اپنے باتھ روم کے لیے صرف معیاری اور پائیدار نل کا انتخاب کیجیے۔ اگرچہ یہ نل دیگر اقسام کی بدولت تھوڑے مہنگے ہوتے ہیں لیکن مرمت کروانے یا ٹوٹ پھوٹ سے محفوظ رہتے ہیں۔

تازہ ترین