گوجرانوالہ پولیس نے فیصل آباد اور جھنگ میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس کی وردی پہن کر ڈکیتی کرنے والے ڈاکوؤں کے 4 رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔
گوجرانوالہ کے سی پی او ڈاکٹر معین مسعود کے مطابق اس 4 رکنی گروہ کو فیصل آباد اور جھنگ کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ملزمان پولیس کی وردیاں پہن کر شہریوں کو چیکنگ کے بہانے روکتے اور پھر اسلحے کے زور پر لوٹتے تھے۔
ملزمان گوجرانوالہ میں بھی کئی وارداتیں کر چکے ہیں، جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ پولیس وردیاں ملزمان تک کیسے پہنچیں۔
سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر معین مسعود کا یہ بھی کہنا ہے کہ جو لوگ بھی اس میں ملوث پائے گئے انہیں گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔