لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی توسیع کے معاملے میں حکومت نے فوج کا تقدس پامال کیا،ہمارا22دسمبر کا کشمیر مارچ حکمرانوں اور مودی کیخلاف ہوگا۔چیف جسٹس ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے حکومت کودستور پاکستان پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کا حکم دیں۔ 22دسمبر کا اسلام آباد میں کشمیر مارچ موجودہ حکمرانوں اورمودی کے خلاف ہوگا۔ہم کشمیر کی طرف لانگ مارچ سے پہلے اتمام حجت کیلئے حکمرانوں کو جگانے کی کوشش کریں گے ۔وزیراعظم بن کر عمران خان کے ارمان پورے ہوگئے مگر عوام کے ارمانوں کا خون ہوا ۔عمران خان کے حلقہ میں لوگ اب بھی جوہڑوں کا پانی پی رہے ہیں۔ اگر سود کا خاتمہ ہوجائے تو پاکستان عالمی صیہونی مالیاتی اداروں کی غلامی سے آزاد ہوجائے گااور ملک پر چھائی ہوئی نحوست ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تبی سر میں جلسہ عام سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔