• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری اسپتالوں میں 4 ماہ بعد کینسر کی ادویات ملنا شروع

سرکاری اسپتالوں میں 4 ماہ بعد کینسر کی ادویات ملنا شروع


لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں 4 ماہ بعد بالآخر کینسر کی دوائیں ملنا شروع ہوگئیں۔

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے نجی ادویہ ساز کمپنی کو ایک ارب 16 کروڑ روپے کی واجب الادا رقم جاری کرنے کی منظوری ملنے پر ادویات کی سپلائی بحال ہوئی۔

لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں 4 ماہ بعد کینسر ادویات ملنے پر مریضوں نے سُکھ کا سانس لیا، گویا ان کی بیماری کم ہوگئی ہو۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق ان کو محکمہ صحت کی جانب سے کینسر ادویات کا 70 فیصد اسٹاک ملنا شروع ہوگیا ہے۔

ادویات نہ ملنے پر کینسر مریضوں نے کلمہ چوک اور چیئرنگ کراس مال روڈ پر کئی بار احتجاج بھی کیا تھا، نجی ادویہ ساز کمپنی نے رقم کی عدم ادائیگی پر سپلائی روک دی تھی۔

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے نوٹس لیتے ہوئے دوا ساز ادارے کو ایک ارب 16 کروڑ روپے کی واجب الادا رقم کی منظوری دی،جس کے بعد ادویات کی سپلائی دوبارہ ملنا شروع ہوئی اور مریضوں کو ادویات کا حصول ممکن ہوا ہے۔

میواسپتال میں 70 اور جناح اسپتال میں 20 بیڈز پر مشتمل کینسر کا ایک ایک شعبہ ہے۔ ہر ایک اسپتال کی او پی ڈی میں روزانہ 100 سے زائد مریض تشخیص اور علاج کے لیے آتے ہیں جبکہ کیموتھراپی کے لیے روزانہ 60 سے 70 مریض آتے ہیں۔

تازہ ترین