سانگھڑ…سانحہ لاہور میں جاں بحق ہونے والے سانگھڑ کےایک ہی خاندان کے 6 افراد میں سے مزید 4کی نمازجنازہ ان کے آبائی علاقے میں ادا کردی گئی۔ نمازجنازہ میں رشتے داروں اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
گلشن اقبال پارک لاہور میں ہونیوالے دھماکے نے سانگھڑ سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی جان بھی لے لی ۔ مرنے والے افراد سیرو تفریح کے لیے لاہور گئے تھے جو دھماکے کے وقت گلشن اقبال پارک میں ہی موجود تھے۔
دہشتگردی کا نشانہ بننے والوں میں غلام حسین شانی ان کی اہلیہ ، غلام حسین شانی کے بہنوئی فیض محمد چانیو ان کی 2 بیٹیاں، ثمینہ اور راحیلہ اور نواسی صدف شامل ہیں۔ مرنیوالوں کے جنازے ادا ہوئے تو ہر آنکھ اشک بار ہوگئی۔
نمازجنازہ اور تدفین میں رشتے داروں کے ساتھ اہل علاقہ نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ جاں بحق افراد کا آبائی شہر کھڈرو سوگ میں بند رہا ۔ لاہور دھماکے میں اسی خاندان کے دیگر 5افراد زخمی بھی ہوئے جو لاہور میں ہی زیرعلاج ہیں۔