اوسلو (این این آئی)ناروے کی انتہائی سخت سردی میں کھلے آسمان تلے سیکڑوں مسلمانوں نے قرآن کی تلاوت کر کے کلام الٰہی سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا ہے ۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں گزشتہ روز سیکڑوں مسلمان جن میں اکثر نارویجن پاکستانی تھے، کھلے آسمان تلے جمع ہوئے اور سورۃ یاسین کی تلاوت کرکے قرآن کریم سے اپنی عقیدت اور وابستگی کا اظہار کیا۔یہ اجتماع اوسلو کے علاقے گرورود کے فٹ بال گراونڈ میں منفی آٹھ درجے سینٹی گریڈ انتہائی سرد موسم میں منعقد ہوا جس کی نظامت کے فرائض جامعہ باب العلم آستانہ عالیہ آل رسول اوسلو کے مہتمم مولانا سید فراست علی بخاری نے سرانجام دیئے۔اس تقریب میں گرجا گھر کی خاتون پادری مس انے بریت ایوانگ نے خصوصی طور پر شریک ہو کر مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں یہ اجتماع ایسے وقت میں منعقد کیا گیا جب دوہفتے قبل ناروے کے جنوبی شہر کرستیان ساند میں ایک انتہاپسند شخص نے پولیس کے منع کرنے کے باوجود لوگوں کے سامنے قرآن کریم کی بے حرمتی کرنے کی کوشش کی تھی۔اس موقع پر ایک شامی نڑاد مسلمان نوجوان عمردھابہ نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے قرآن کریم کی بے حرمتی کرنے والے اس متعصب شخص کو روکا۔دوسری جانب ناروے میں منھاج القرآن اوسلو، نارویجن مسلم آرٹس و کلچر ایسوسی ایشن اور اسلامک لٹریچر ایسوسی ایشن نے نارویجن زبان میں قرآن کریم کے دس ہزار نسخے ناروے کے لوگوں میں تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ ان لوگوں تک قرآن کریم کا محبت اور انسانیت دوستی کا پیغام پہنچ سکے۔