• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

اردن، گھر میں آگ لگنے سے 8 بچوں سمیت 13 پاکستانی زندہ جل گئے

اردن، گھر میں آگ لگنے سے 8 بچوں سمیت 13 پاکستانی زندہ جل گئے


عمان،لاہور(مانیٹرنگ سیل،نمائندگان جنگ ، نیوز ایجنسی)مغربی اردن میں ایک گھر میں آتشزدگی سے 8 بچوں سمیت 13 پاکستانی شہری جاں بحق اور 3شدید زخمی ہوگئے۔واقعہ الکرامہ میں پیش آیا، جاں بحق افرادکاتعلق سندھ کے ضلع دادو سے، 4خواتین بھی شامل،زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر، اردنی وزیرخارجہ کاشاہ محمود سے رابطہ، تفصیلات سے آگاہ کیا،وزیراعظم عمران کا اظہار افسوس،امدادکی ہدایت، شہباز شریف، بزدارکا اظہار تعزیت۔ افسوس ناک واقعہ الکرامہ کے علاقے میں ایک کھیت میں پیش آیا جہاں صبح سویرےٹین کی چادروں سے بنے گھر میں آگ بھڑک اٹھی۔ آگ اتنی خوفناک تھی کہ اس نے تیزی سے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور اندر موجود لوگوں کو جان بچانے کا موقع نہ مل سکا۔ آتش زدگی سے جاں بحق افراد میں 4 خواتین بھی شامل ہیں۔حکام نے بتایا کہ اس گھر میں دو پاکستانی خاندان رہائش پذیر تھے۔ زخمیوں کو ہسپتال میں طبی امداد فراہم دی جارہی ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ بعض افراد کے مطابق آگ بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تاہم حتمی وجہ معلوم نہیں ہوسکی اور واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو اردن سے وزیر خارجہ ایمان سفادی کا ٹیلیفون پررابطہ، آتشزدگی سے آگاہ کیا اور نتیجے میں ہونیوالے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

تازہ ترین