• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ان ہاؤس تبدیلی کا بیان بلی کے خواب میں چھیچھڑے جیسا ہے، فردوس عاشق


وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ان ہاؤس تبدیلی کا بیان بلی کے خواب میں چھیچھڑے کے مترادف ہے۔

سماجی رابطےکی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اِن ہاؤس تبدیلی کی بات کرنے پر مسلم لیگ کے صدر شہباز شریف پر برس پڑیں۔

انہوں نے کہا کہ نون لیگ کے صدر شہباز شریف ہیں لیکن فیصلے کوئی اور کرتا ہے، لہذا پہلے شہباز صاحب اپنی پارٹی کے اندر اِن ہاؤس تبدیلی لے آئیں۔

فردوس عاشق نے کہا کہ کٹھ پتلی صدر سے بہتر ہے کہ پہلے وہ اپنی پارٹی کے حقیقی صدر بن جائیں، حکومت میں اِن ہاؤس تبدیلی کی شوبازی نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پارلیمان میں آکر قانون سازی کی ذمے داری پوری کریں، چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کے معاملے میں اپوزیشن کو جس ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ، شہباز شریف وہ شاید بھول گئے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول بھٹو اور مولانا بھی پارلیمان کی بالادستی کے اپنے دعوؤں پر عمل کریں اور پارلیمان میں قانون سازی سے متعلق اپنی جماعتوں کو یرغمال نہ بنائیں۔

تازہ ترین