• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سگریٹ نہ پینے والے ملازمین کو اضافی چھٹیاں دینے کا اعلان


جاپان میں مارکیٹنگ کمپنی نے سگریٹ نوش ملازمین کے مقابلے میں سگریٹ نہ پینے والے ملازمین کو سالانہ 6 چھٹیاں زیادہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کی مارکیٹنگ فرم کے ایک ملازم کی انوکھی ای میل نے ساتھی ملازمین کی سالانہ تعطیلات میں 6 روز کا اضافہ کروا دیا۔ تاہم اس سے سگریٹ نوش ملازمین فائدہ نہیں اُٹھا سکیں گے۔

فرم کے ایک ملازم نے اپنے حکام کو ایک ای میل بھیجی جس میں موقف اختیار کیا کہ سگریٹ نوش ملازمین کو سگریٹ پینے کیلئے دن میں دو دو تین تین بار 15 منٹ کا وقفہ دیا جاتا ہے جب کہ سگریٹ نہ پینے والے ملازمین اس دوران کام کرتے رہتے ہیں۔

ملازم نے مزید لکھا کہ اس طرح سگریٹ نہ پینے والے ملازمین زیادہ دیر کام کرتے ہیں جس کا انہیں کمپنی کی جانب سے زائد چھٹیاں دےکر فائدہ بھی دیا جانا چاہئے۔ جس پر کمپنی کے سی ای او نے سگریٹ نہ پینے والے ملازمین کو 6 مزید تعطیلات دے دیں۔

پیالا کمپنی کے سی ای او تاکاؤ اسوکا نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اس فیصلے سے سگریٹ نوش ملازمین کو اپنی نقصان دہ عادت کو ترک کرنے کیلئے حوصلہ ملے گا۔ اس سہولت سے کمپنی کے 120 میں سے 30 ملازمین فائدہ اُٹھائیں گے۔

تازہ ترین