• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باورچی خانے کا فرش بنوانا ایک ایسا کام ہے جو آپ کو بہت سوچ بچار کے بعد کرنا پڑتا ہے کیونکہ باورچی خانے کا شمار گھر کے ان حصوں میں ہوتا ہے، جہاں چہل پہل بہت زیادہ رہتی ہے، ایسے میں اس کے فرش کا دیرپا ہونا ضروری ہے۔ اگر لاگت کی بات کی جائے تو لکڑی اور قدرتی پتھر کا فرش بنوانے میں سب سے زیادہ لاگت آتی ہے، جبکہ وینائل فلورنگ کی لاگت نسبتاً کم ہوتی ہے۔ 

اگر اس میں مٹیریل لگوانے کی لاگت بھی شامل کرلی جائے تو مجموعی لاگت دُگنی یا تین گنا تک بڑھ جاتی ہے۔ اگر آپ نیا گھر بنوا رہے ہیں یا پھر پہلے سے بنے ہوئے باورچی خانے کا فرش تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تو آج ہم آپ کو باورچی خانے کے فرش کی مختلف اقسام کے بارے میں آگاہ کریں گے، جن کے بارے میں جان کر آپ کو فیصلہ کرنے میں آسانی ہوگی۔

کنکریٹ کا فرش

باورچی خانے کے فرش کیلئے کنکریٹ کا استعمال ایک غیرروایتی انتخاب ہوتا ہے، تاہم جدید گھروں میں اس کا استعمال خوب جچتا ہے۔ کنکریٹ کو اگر اچھی طرح پالش کرلیا جائے تو اس میں سے روشنی منعکس ہوتی ہے۔ کنکریٹ کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ یہ نمی کے خلاف مزاحمت رکھتا ہے اور دیرپا ثابت ہوتا ہے، اس پر لکیریں یانشانات نہیں پڑتے اور یہ لکڑی کی طرح جلدی خراب نہیں ہوتا۔ 

کنکریٹ کا ایک اور بڑا فائدہ یہ ہے کہ اگر اسے درست طریقے سے لگایا جائے تو اس کے دو ٹکڑوں کے درمیان مٹی یا دیگر گندگی بھی جمع نہیں ہوتی، اس طرح باورچی خانے میں نقصان دہ بیکٹیریا بھی پیدا نہیں ہوتے۔ مزید برآں، پاکستان جیسے گرم ملکوں میں کنکریٹ، باورچی خانے کو ٹھنڈا رکھنے کا ایک اچھا طریقہ ہوسکتا ہے۔

لکڑی کا فرش

آپ کا گھر چاہے کسی بھی ڈیزائن اور موڈ کے مطابق تعمیر کیا گیا ہو، لکڑی کے فرش (ہارڈ ووڈ فلورنگ) کو تقریباً ہر ذوق کے لوگ پسند کرتے ہیں۔ لکڑی کے فرش کو آپ بیک وقت کلاسک یا جدید شکل دے سکتے ہیں۔ گہری لکڑی کا انتخاب آپ کے باورچی خانے کو کلاسک جبکہ ہلکے رنگ کی لکڑی اسے جدید شکل دینے کیلئے استعمال کی جاسکتی ہے۔ 

فرش کیلئے لکڑی مختلف ڈیزائن کے ٹیکسچر میں دستیاب ہوتی ہے۔ لکڑی کی اپنی کئی اقسام ہوتی ہیں جن میں بانس کی لکڑی کو بھی پائیدار اور دیرپا سمجھا جاتا ہے۔ لکڑی کے فرش کی صفائی بھی زیادہ مشکل نہیں ہوتی۔

سرامک ٹائل کا فرش

ٹائل کا استعمال آپ کے باورچی خانے کو ایک منظم انداز بخشتا ہے۔ سرامک ٹائل مختلف ڈیزائن کے ٹیکسچر میں دستیاب ہے، جس کے باعث اسے باورچی خانے کے فرش کے طور پر استعمال کرنا ایک پُرکشش انتخاب ہوسکتا ہے۔ سرامک ٹائل کی ایک قسم پورسلین ٹائل بھی ہے، جو اپنی پائیداری اور نشانات نہ پڑنے کی خصوصیات کے باعث خاصی مقبول ہے۔ 

پورسلین ٹائل، گھنی مٹی سے بنائی جاتی ہےاور پھر اسے انتہائی بلند درجہ حرارت پر پختہ کیا جاتا ہے، جس کے بعد یہ قدرتی پتھر سے بھی زیادہ مضبوط بن جاتی ہے، اس میں نمی کے خلاف بھی اعلیٰ مزاحمت پائی جاتی ہے۔ سرامک ٹائل لگوانے کی لاگت تھوڑی سی زیادہ ہوتی ہے لیکن اسے لگوانے کے بعد آپ کو خوشی محسوس ہوتی ہے کہ تھوڑے زیادہ پیسے لگانے کا آپ کا فیصلہ درست تھا۔

قدرتی پتھر کا فرش

جو لوگ اپنے گھر میں ٹیکسچر کو پسند کرتے ہیں، ان کیلئے باورچی خانے کے فرش کے لیے قدرتی پتھر کا انتخاب ایک فطری بات ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ، جو لوگ باہر کی فطری خوبصورتی کے دلدادہ ہوتے ہیں، وہ لوگ بھی اپنے باورچی خانے کے فرش کیلئے عمومی طور پر قدرتی پتھر کا انتخاب کرتے ہیں۔ 

اگر باورچی خانے میں قدرتی پتھر سے بنے ہوئے فرش کا اچھی طرح خیال رکھا جائے تو یہ انتہائی دیرپا ثابت ہوتا ہے اور ایک طویل عرصے تک آپ کو اسے تبدیل کروانے کی ضرورت بھی محسوس نہیں ہوتی۔ یہ باورچی خانے کے فرش کی ایک اور قسم ہے، جو گھر کو ٹھنڈا رکھنے کیلئے اہم ہے۔

وینائل کا فرش

وینائل ایک کثیرالمقاصد ٹائل ہے۔ جو لوگ باورچی خانے میں لکڑی کے فرش کی لاگت برداشت نہیں کرسکتے، ان کے لیے ایک پائیدار، سستا اور اچھا انتخاب یہ ہے کہ وہ وینائل کا انتخاب کریں۔ اچھے معیار اور ڈیزائن کا وینائل آپ کو قدرتی لکڑی کا احساس دیتا ہے۔ 

وینائل چونکہ فلورنگ اور شیٹ، دونوں قسموں میں دستیاب ہے، تو اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے باورچی خانے میں استعمال ہونے والا فرش سرامک ٹائل جیسا نظر آئے تو آپ اس سے یہ کام بھی لے سکتے ہیں۔ وینائل پر چلنے سے آوازبھی پیدا نہیں ہوتی اور یہ لکڑی، سرامک ٹائل، کنکریٹ یا پتھر کے مقابلے میں قدرے نرم محسوس ہوتا ہے۔

تازہ ترین