اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیوگوٹریس نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور قابل عمل دو ریاستی حل پر زور دیا ہے۔
اسرائیل اور فلسطین کے لیے دو ریاستی حل سے متعلق کانفرنس سے خطاب میں یو این کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ غزہ کے خاتمے کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا، وہاں تباہی ناقابل برداشت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کانفرنس قابل عمل دو ریاسی حل کے لیے جاری مشترکہ کوششوں کو مزید متحرک کرسکتی ہے۔
انٹونیوگوٹریس نے کہا کہ غزہ کا مسئلہ دنیا کی آنکھوں کے سامنے آگیا ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ میں اسرائیل اور فلسطین کے لیے دو ریاستی حل سے متعلق 3 روزہ کانفرنس کی میزبانی فرانس اور سعودی عرب کر رہے ہیں۔
یو این جنرل اسمبلی نے گزشتہ سال فیصلہ کیا تھا کہ ایسی کانفرنس 2025 میں ہونی چاہیے تاہم جون میں ہونے والی کانفرنس ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد ملتوی کی گئی تھی۔