• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی سے ڈیل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، وزیراعظم

پیپلز پارٹی سے ڈیل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، وزیراعظم


وزیراعظم عمران خان نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ حکومت کی پیپلز پارٹی سے ڈیل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی قیادت میں سندھ اسمبلی کے 25 اپوزیشن ارکان نے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے سندھ کے مشترکہ اپوزیشن گروپ کی ملاقات ڈیڑھ گھنٹے جاری رہی۔

سندھ میں وفاقی حکومت کی اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم کے ساتھ سندھ حکومت کی زیادتی اور کرپشن کے خلاف شکایات کے انبار لگادیے۔

ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم سے استفسار کیا کہ ’کیا وفاقی حکومت کی پیپلز پارٹی سے ڈیل تو نہیں ہوگی؟‘

وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کو واضح انداز میں جواب دیا کہ کسی سے ڈیل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ڈیل کے معاملے میں نہ کوئی مصلحت آڑے آئے گی نہ ہی نظریۂ ضرورت، احتساب ہوکر رہے گا۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن ارکان نے وزیراعظم عمران خان کے روبرو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ پر کرپشن کی سرپرستی کا الزام لگایا اور گورنر، چیف سیکریٹری اور آئی جی کے اختتارات محدود کرنے کی شکایات کیں۔

ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات کے دوران سندھ میں حکومتی اتحادیوں نے وزیراعظم کو عوام کی ترقی کے روڈ میپ پر عملدرآمد کے راستے میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ سندھ گیس کی مد میں رائلٹی رقوم کی ادائیگیوں کا استعمال ان علاقوں میں ممکن بنایا جا ئے، جوان کا حق ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزارتوں میں سندھ سے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے فوکل پرسنز لگانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی، تحریک انصاف کی حکومت کا بنیادی ایجنڈا کرپشن کا خاتمہ ہے، ملک بھر میں احتساب کا عمل بلا تفریق و امتیاز اور بلا تعطل جاری رہے گا۔

ملاقات میں تحریک انصاف، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنماؤں کشور زہرہ، کنور نوید جمیل، فیصل سبزواری، خواجہ اظہار الحسن، محمد حسین خان، حمید الظفر، محمد راشد خلجی اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنماؤں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، غوث بخش مہر، ارباب غلام رحیم، مرتضی جتوئی، ایاز لطیف پلیجو، صفدر عباسی، ذوالفقار مرزا اور علی گوہر مہر شریک تھے۔

تازہ ترین