• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ایکسپو سینٹر میں کتب میلہ جاری، سیاسی و سماجی رہنماؤں کی شرکت

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)دور جدید میں کتب سے زیاد ہ انٹر نیٹ کو اہمیت دی جارہی ہے مگر کتاب سے دوری حقیقت میں علم سے دوری ہے ۔ بچوں میں بھی کتب بینی کا شوق پروان چڑھانے کی ضرورت ہے ، ہم صرف تعلیم پر توجہ دے رہے ہیں مگر تعلیمی نصاب پر توجہ نہیں ۔ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینیر عامر خان، سابق وزیر تعلیم پیر مظہر الحق اورمتحدہ رہنما فیصل سبزواری نے نمائش کے دوسرے دن کتب میلے کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیز خالد ،کراچی انٹر نیشنل بک فیئرز کے کنوینئر وقار متین ،ڈپٹی کنوینر نا صر حسین، ندیم مظہر، ایم اقبال غازیانی، اقبال صالح محمد، ندیم اختر، کامران نورانی اور سلیم عبدالحسین اور دیگر آنیوالے مہمانوں کا استقبال کرنے کیساتھ اور طلبا و طالبات کی رہنمائی بھی کرتے رہے ۔ ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر عامر خان نے بات چیت کے دوران کہا کہ انسان پڑھتا ہے تو سوال کرتا ہے ہمارے معاشرے میں سوال کرنا جرم بن گیا ہے۔ اچھا بولنے کے لیے اچھا پڑھنا لازمی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں اِن کا کہنا تھا کہ اب زیادہ تر تاریخ کی کتب میں دلچسپی لیتا ہوں آج اس نمائش میں اپنے بچوں کو ساتھ لیکر اس لئے آیا ہوں کہ ان میں بھی کتب بینی کا شوق بڑھے ۔والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے بچوں میں کتب بینی کے شوق کو ابھاریں۔قبل ازیں کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری کراچی انٹرنیشنل بیک فیئر کے دوسرے دن بھی بڑی تعداد میں طلبا و طالبات ،سیاسی، ادبی ، تعلیمی اور سماجی شخصیات کی آمد کابھی سلسلہ جاری رہا۔جمعہ کو نمائش کے دوسرے دن کتب میلہ میںطلبہ کے لیے ہم نصابی سرگرمیوں کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا تھا جس میں بچوں نے خاصی دلچسپی کا مظاہر ہ کیا جبکہ خواتین کی بڑی تعداد نے گھریلو مسائل کے علاوہ دینی کتب بھی خریدیں۔شہریوں کی آسانی کے لیے کتب میلے میں موبائل اے ٹی ایم کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھی۔ بین الاقوامی کتب میلہ ایکسپو سینٹر میں 9دسمبر تک جاری رہے گا۔

تازہ ترین