• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کیخلاف اظہار یکجہتی ریلیاں، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے

سکھر(بیورو رپورٹ) کشمیر میں جاری بھارتی فوج کے ظلم جبر، انسانی حقوق کی شدید پامالی کے خلاف اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں نکا لی گئیں۔ کشمیر کمیٹی کی جانب سے محمد بن قاسم پارک سے پریس کلب تک عبدالرحمن ثاقب، عبداللہ کی قیادت میں ، جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اصلاح الدین شیخ کی قیادت میں میانی روڈ سے جناح چوک تک، ڈبل سیکشن ہائی اسکول سے پریس کلب تک اساتذہ اور طلبہ نے کشمیر ریلی نکا لی۔ جس کی قیادت طارق میمن، غلام عباس بھٹی نے کی، جبکہ روہڑی سمیت دیگر علاقوں میں بھی کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں نکا لی گئیں۔ ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں پینا فلیکس بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، ریلی کے شرکاء بھارتی فوج کے مظالم اور بھارتی وزیر اعظم مودی کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ ریلیوں کے شرکاء نے ”کشمیر بنے گا پاکستان“، ”پاک فوج زندہ باد“، کے فلک شگاف نعرے بلند کئے۔ریلیوں کے شرکاء سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت ،انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،کشمیر میں بھارتی جارحیت کے باعث لاکھوں کشمیری مسلمانوں کا جینا دشوار ہوگیا ہے، کشمیری خواتین اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک گئیں ہیں، کشمیری عوام صرف پاکستان سے الحاق کے لیے ظلم برداشت کر رہے ہیں۔

تازہ ترین