• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماضی کی معروف اداکارہ رانی کے مداح انکی 73ویں سالگرہ آج منائینگے

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)فلم اور ٹی وی کی مشہوراداکارہ رانی کے مداح ان کی 73ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ 8 دسمبر1946 کو لاہور میں جنم لینے والی رانی کا اصل نام ناصرہ تھا مگر1962میں انہوں نے رانی کے نام سے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور تا دم مرگ اپنے تمام کرداروں کو خوبصورتی سے نبھایا۔ اداکارہ رانی جب اپنے کردار میں ڈوب کرجذبات کا اظہار کرتیں تو چہرہ ان کا سچا ترجمان بن جاتا تھا۔ تمام پاکستانی گلوکاروں کا ماننا ہے کہ فلم انڈسٹری میں جن فنکاروں کو گانے کی عکس بندی میں مہارت حاصل تھی رانی ان میں سرفہرست تھیں۔ ان کی یادگار فلموں میں انجمن، تہذیب، امراو جان ادا، ثریا بھوپالی، بہارو پھول برساؤ اور ناگ منی شامل ہیں جبکہ فلم کے بعد انہوں نے ٹی وی ڈراموں میں بھی یاد گار کردار ادا کیے جنہیں عوام میں بڑی مقبولیت حاصل ہوئی۔ اداکار رانی نے ہدایتکارحسن طارق سے علیحدگی کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز سے بھی شادی کی تھی،لاکھوں دلوں کو موہ لینے والی اداکارہ رانی کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کے بعد 27 مئی1993کو46برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئیں۔ وہ ایک اعلیٰ پائے کی فنکارہ تھیں جن کے ذکر کے بغیر پاکستان فلم انڈسٹری کی تاریخ ہمیشہ ادھوری رہے گی۔
تازہ ترین