• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

برطانوی اخبار کے خلاف مقدمہ ، فیاض چوہان کی شہباز شریف کو رقم دینے کی پیشکش

فیاض چوہان کی شہباز شریف کو رقم دینے کی پیشکش


لاہور(نمائندہ جنگ) برطانوی اخبار کے خلاف مقدمے کیلئے فیاض چوہان نے شہباز شریف کورقم دینے کی پیشکش کی ہے،صوبائی وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے وزیرِ اعلیٰ آفس میں علی احمد اور نثار گل جیسے کرپٹ عناصر کی بطور ڈائریکٹرز تقرریاں کر کے اس مقدس ادارے کی عزت کو پامال کیا۔ انہوں نے کہا کہ گُڈ نیچر کمپنی کے ذریعے 70 سے زائد فرنٹ مینوں اور 56 کمپنیوں کے ساتھ عوام اور پاکستان کو اربوں کا ٹیکہ لگا کے آل شریف سرکاری گاڑیوں میں کالا دھن ٹرانسفر کرتے رہے جسے ہنڈی کے ذریعے ملک سے باہر بھیجا جاتا تھا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے وزیر ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز کے ساتھ ڈی جی پی آر میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دونوں شریف برادران آج کل لندن میں مہنگے ہوٹلوں اور بازاروں میں گھوم پھر رہے ہیں، انہیں ڈیوڈ روز سے بھی ملنا چاہیئے اور اس کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ بھی کرنا چاہیئے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ ڈیوڈ روز نے اپنے آرٹیکل میں شہباز شریف کو زلزلہ زدگان کے لیے آنے والی امداد میں خرد برد کرنے پر "کفن چور" اور نواز شریف کو "ڈاکوؤں کا سربراہ کہا تھا۔ اب ڈیوڈ روز سوشل میڈیا پر آئے روز شہباز کو ان کا نعرہ یاد کروا کر انکا منہ چِڑا رہا ہے جسمیں انہوں نے ڈیوڈ روز کے خلاف لندن کی عدالتوں میں مقدمہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ فیاض الحسن چوہان نے یہ اعلان بھی کیا کہ اگر شہباز شریف چاہیں تو وہ اپنی ساری جمع پونجی بیچ کر شہباز شریف کے لیے کوئی مہنگا وکیل کر سکتے ہیں۔

تازہ ترین