• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر صلاح الدین مرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

پشاور( وقائع نگار )گندھارا ہندکو بورڈ پشاور کے زیر اہتمام گزشتہ روز ڈاکٹر صلاح الدین مرحوم(وائس چیئرمین گندھارا ہندکو بورڈ) کی یاد میں تعزیتی ریفرنس گندھارا ہندکو اکیڈمی کے احمد علی سائیں آڈیٹوریم میں منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین اعجاز احمد قریشی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض احمد ندیم اعوان نے سرانجام دئیے ۔اس موقع پر امریکہ سے آئے ہوئے نامور محقق اور ماہر طب پروفیسر ڈاکٹر سید امجد حسین، گندھارا ہندکو بورڈ کے سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر عدنان گل، جنرل سیکرٹری محمد ضیاء الدین، گندھارا ہندکو بورڈ کے جملہ ایگزیکٹیو ممبران، ڈاکٹر صلاح الدین کی والدہ ،اُن کے بھائی علائو الدین، اُن کے فرزند ڈاکٹر ارسلان کے علاوہ رخشندہ ناز،ثمینہ عفت ودیگر نے شرکت کی، مانسہرہ سے اختر نعیم، رضا تنولی ،حویلیاں سے پروفیسر ملک ناصر دائود،مانسہرہ سے شجاعت علی شاہ جی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔اس موقع پرمقررین نے کہا کہ ڈاکٹر صلاح الدین ایک نابغہ روزگا شخصیت تھے جنہوں نے اپنی ساری زندگی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف کر رکھی تھی،اُن کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پُر نہیں ہو سکے گا۔ڈاکٹر صلاح الدین نے نہ صرف شعبہ طب میں نام کمایا بلکہ علم و ادب کے میدان میں بھی اُن جیسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں، مرحوم ایک ملنسار شخصیت تھے جن کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائیگی،ڈاکٹر صلاح الدین ہمارے لئے رول ماڈل تھے،عاجزی و انکساری اُن میں کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی، مرحوم محبتیں بانٹنتے پھرتے تھے۔ریفرنس میں ڈاکٹر صلاح الدین کی طبی، علمی و ادبی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی اور انہیں منظوم و منثور خراج عقید ت پیش کیاگیا۔ریفرنس کے آخر میں ڈاکٹر صلاح الدین مرحوم کی مغفرت کیلئے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔
تازہ ترین