• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

 بلاول بھٹو اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ صدر زرداری اب باہر آرہے ہیں، وہ شکاری ہیں اور اب وہ کھلاڑی کے شکار کے لیے نکلیں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ نیب ہمیں روکنا چاہتا ہے، دبانا چاہتا ہے مگر ہم جج صاحبان کے شکرگزار ہیں جنہوں نے آج ضمانت منظور کی ہے۔

بلاول نے کہا کہ نیب اور حکومت سمجھتی ہے کہ ہم ایسے ہتھکنڈوں سے دباؤ میں آئیں گے تو یہ ان کی بھول ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے سیاست اور معیشت کو تباہ کردیا ہے، یہ سال اس حکومت کا آخری سال ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ سابق صدر آصف زرداری کی ایک اور میڈیکل رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کی گئی اور میڈیکل رپورٹ پرآصف علی زرداری کو ضمانت ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم شکر گزار ہیں جج صاحبان کے جنہوں نے آصف زرداری کا طبی علاج کرانے کے لیے ضمانت منظور کی ہے ۔

بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریال تالپور کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کردی ہے،ان کے کیس میں نیب والے آج کمنٹس نہیں لے کر آئے،اس لیے 16 دسمبر تک انتظار کرنا پڑے گا۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ یہ عمران خان کی حکومت کا آخری سال ہے، یہ بات میں کسی کے اشارے پر نہیں کہہ رہا بلکہ عوام کی یہی خواہش ہے، اب عوامی امنگوں کے مطابق جمہوری حکومت آئے گی۔

واضح رہے کہ نیب نے فریال تالپور کی درخواست ضمانت پر جواب داخل کرانے کے لیے مہلت مانگ لی ہے جبکہ عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کی ایک کروڑ روپے کے مچلکوں کے عوض طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ضمانتی مچلکے داخل کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔

تازہ ترین