وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو فوری طور پر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) کا دورہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو فوری طور پر اسلام آباد سے لاہور روانہ ہونے کی ہدایت کی۔
انہوں نے پی آئی سی لاہور واقعے پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں وزیر داخلہ، سیکریٹری داخلہ اور وفاقی کابینہ کے اہم ارکان کو بھی طلب کیا ہے۔
وزیراعظم چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پولیس سے رابطے میں ہیں، واقعے کی رپورٹ ایک گھنٹے میں طلب کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کی نشاندہی کرکے فوری کارروائی کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے، ذمہ داروں کا فوری تعین کرکے کارروائی کی جائے گی۔