لاہور میں وکلاء کی ہڑتال کے سبب ہائی کورٹ میں سابق صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ کی درخواست ضمانت اور احتساب عدالت میں حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی۔
سابق صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ کی منشیات اسمگلنگ کیس میں درخواست ضمانت پر لاہورہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری مشتاق احمد نے سماعت کی تاہم وکلاء کی جانب سے عدالتی بائیکاٹ کے سبب کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 17 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
رانا ثنا ءاللہ نے منشیات کے مقدمے میں ضمانت پر رہائی کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے ، ان کا مؤقف ہےکہ ان کےخلاف بنایا گیا منشیات کا مقدمہ جھوٹا ہے، کئی ماہ گزرنے کے باوجود کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا ہے۔
رانا ثناء کی جانب سے عدالت میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ درخواست ضمانت منظور کی جائے۔
دوسری جانب لاہور کی احتساب عدالت میں مسلم لیگ نون کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت بھی وکلاء ہڑتال کے پیش نظر بغیر کسی کارروائی کے 20دسمبر تک ملتوی کر دی گئی اور ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی توسیع دیدی۔
ذرائع کے مطابق جیل حکام نے ایڈمن جج کو آگاہ کر دیا کہ وکلاء کی ہڑتال اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا، جس پر عدالت نے کیس پر سماعت بغیر کسی کارروائی کےملتوی کی۔