• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور واقعے کے خلاف ڈاکٹرز کی ہڑتال، وکلاکی رکوانے کی کوشش

لاہور واقعے کے خلاف ڈاکٹرز کی ہڑتال، وکلاکی رکوانے کی کوشش


لاہور واقعے کے خلاف تحصیل اسپتال پسرور میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کو وکلا نے رکوانے کی کوشش کی۔

لاہور واقعہ کیخلاف تحصیل اسپتال پسرورمیں ینگ ڈاکٹرز کی اپیل پر ڈاکٹروں نے مکمل ہڑتال کی۔

ڈاکٹروں کی ہڑتال کی اطلاع ملتے ہی وکلا ہڑتال رکوانے ٹی ایچ کیو اسپتال پہنچ گئے۔

وکلا نے اسپتال کا گھیراؤ کیا، تقاریر کیں اور نعرے لگائے، اسپتال میں موجود ڈاکٹرز اور عملہ کام چھوڑ کر بھاگ گیا۔

پولیس اور انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر مشتعل وکلاء کو منتشر کردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں سیکڑوں وکلاء نے امراض قلب کے اسپتال پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملہ کیا اور بڑی تعداد میں مشتعل وکلاء آپریشن تھیٹر، آئی سی یو اور وارڈ میں گھس گئے تھے۔

وکلا کی جانب سے اسپتال کی قیمتی مشینیں اور دیگر آلات توڑ دیے گئے تھے، عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور مریضوں کے آکسیجن ماسک اتار دیے تھے۔

اسپتال میں ہنگامے اور توڑ پھوڑ کے دوران طبی امداد نہ ملنے سے 4 مریض جاں بحق ہوگئے تھے۔

وکلا نے ہنگاموں کے دوران پولیس موبائل، ڈاکٹرز اور مریضوں کی گاڑیاں بھی جلا دی تھیں، وکلا نے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان پر بھی تشدد کیا، وکلا کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی، ہنگامے کے دوران پتھراؤ، شیلنگ اور لاٹھی چارج سے متعدد ڈاکٹرز، شہری، لواحقین اور وکلا زخمی ہوگئے تھے۔

تازہ ترین