• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بااختیار مقامی حکومتوں کے بغیر مسائل حل نہیں ہوسکتے،وسیم اختر

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ مکمل بااختیار مقامی حکومتوں کے قیام کے بغیر کراچی کے مسائل حل نہیں ہوسکتے،گزشتہ چار برسوں میں کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے صرف سوا دس ارب روپے دیے گئے، وزیراعظم عمران خان اگر ملک کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں تو کراچی آکر بیٹھیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، میئر کراچی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ پی ایس ڈی پی اسکیموں میں کراچی کے لیے کوئی اسکیم شامل نہیں، وزیر اعلیٰ سندھ نے گزشتہ دنوں جن دو ارب روپے کا اعلان کیا ہے وہ نئے فنڈ نہیں بلکہ شہری حکومت کے 2018-19کے لیے مختص بجٹ کی رقم کے واجبات ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا ساٹھ فی صد حصہ وفاقی حکومت اور تیس فی صد سندھ حکومت کے پاس ہے، ماضی میں میئر کے پاس 12فی صد شہر کا اختیار تھا اور اب یہ اس سے بھی کم ہوچکاہے، میئر 2کروڑ روپے سے زائد کی اسکیم نہیں دے سکتا، ہر ماہ صرف تنخواہوں کی مد میں پانچ کروڑ کے شارٹ فال کا سامنا ہوتا ہے اس کے باوجود کے ایم سی نے شہر کو سنبھالا ہوا ہے،وسیم اختر کا کہنا تھا کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت صوبائی حکومت کراچی سے جمع ہونے والے ٹیکس پر شہر کو سیس دینے کی پابند ہے لیکن اس مد میں ابھی تک ادائیگی کی شرح کا تعین ہی نہیں کیا گیا، انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ان کٹھن حالات میں آپ لوگ کام کررہے ہیں اس کا اعتراف کرتے ہوئے حکومت کو آپ کو تمغے دینے چاہئیں،اس موقع پر کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ناقص کارکردگی پر صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے،گزشتہ دو ماہ میں کورنگی صنعتی علاقے کی 80شکایات پر ایم ڈی واٹر بورڈ نے جواب دینے کی زحمت گوارا نہیں کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مطالبہ کرتے ہیں کہ واٹر بورڈ سے متعلق کوئی بڑا فیصلہ کیا جائے۔
تازہ ترین