• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنڈی ٹیسٹ میں بارش، تیسرے دن کا کھیل تاخیر کا شکار


پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جارہے پنڈی ٹیسٹ کے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے۔

گزشتہ روز بھی بادلوں کی آنکھ مچولی کے سبب پورے دن میں محض 18 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوا تھا۔

دس برس بعد ہونے والے تاریخی ٹیسٹ میچ پر تاریکی چھاتی جارہی ہے، دوسرے دن بھی خراب روشنی نے کرکٹ کا مزا خراب کیے رکھا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بدھ کو پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل بارش اور خراب روشنی کے باعث چائے کے وقفے سے قبل روک دیا گیا۔

ٹیسٹ کے دوسرے دن میں صرف 18 اعشاریہ دو اوورز ہو سکے۔ سری لنکا نےپہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے تھے۔

سری لنکا کی جانب سے دھنن جایا ڈی سلوا 72 اور دلروان پریرا 2 رنز بنا کر وکٹ پر  موجود ہیں۔

گزشتہ روز سری لنکا نے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز 202 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو بارش کی مداخلت کے باعث 3 گھنٹے میچ نہ ہوسکا۔

بارش کے وقفے کے بعد دوسرے سیشن میں شاہین شاہ آفریدی نے نیروشن ڈک ویلا کو 33 رنز پر پویلین روانہ کیا۔

واضح رہے کہ خراب موسم اور بارش کے باعث پہلے روز بھی صرف 68 اوورز کا کھیل ہو سکا تھا۔

پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کی ہیں، عثمان شنواری اور محمد عباس کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے سری لنکا کے وکٹ کیپر بیٹسمین نروشان ڈک ویلا نے کہا کہ ٹیم انتظامیہ کے ذہن میں کوئی ایسا منصوبہ نہیں کہ ہم پہلی اننگز ڈکلیئرکریں گے، یقیناً ہم 300 کے ہندسے کو پار کر کے آخری 4 وکٹ کے ساتھ زیادہ سے زیادہ رنز پہلی اننگز میں اسکور کرنے کے خواہش مند ہیں۔

تازہ ترین